پاکستان کا بیلسٹک میزائل شاہین 1اے کا کامیاب تجربہ

پاکستان کا بیلسٹک میزائل شاہین 1اے کا کامیاب تجربہ

میزائل کی آزمائشی پرواز کا مقصد تکنیکی پیرامیٹرز کی ازسرنو تصدیق کرنا تھا ، صدر ،وزیراعظم ،سروسز چیفس کی سائنسدانوں اور انجینئرز کو کامیابی پر مبارکباد

لاہور(نیوز ڈیسک ،اے پی پی)پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین 1 اے کا کامیاب تجربہ کیا ہے ۔ بیلسٹک میزائل شاہین 1 اے کی آزمائشی پرواز کا مقصد ہتھیاروں کے نظام کے مخصوص ڈیزائن اور تکنیکی پیرامیٹرز کی ازسرنوتصدیق کرنا تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بیلسٹک میزائل شاہین 1 اے کے فلائٹ ٹیسٹ کو لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج، ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پلانز ڈویژن ڈاکٹر رضا ثمر، چیئرمین نیسکام لیفٹیننٹ جنرل محمد علی، کمانڈر آرمی سٹریٹجک فورسز کمانڈ اور سٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے دیکھا۔ ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پلانز ڈویژن نے فلائٹ ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔ انہوں نے سائنس دانوں اور انجینئروں کی بہترین تکنیکی صلاحیت، لگن اور عزم کو سراہا۔دریں اثنا صدر مملکت، وزیراعظم ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں