افغانستان کی معاشی تباہی، فوری مالی امداد ضروری:صدر علوی

افغانستان کی معاشی تباہی، فوری مالی امداد ضروری:صدر علوی

اشک آباد میں ترکمانستان ہم منصب سے ملاقات، گیس منصوبہ پر حمایت کا اعادہ

اسلام آباد (سیاسی رپورٹر، آئی این پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ترکمانستان کے صدر گربنگولی بردی محمدوف سے اشک آباد میں ملاقات کی اور دونوں ممالک کے مابین وسیع تر روابط کی مددسے تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے اقدامات پر زور دیا اور کہا تجارت، سیاحت اور عوامی رابطوں کا فروغ ضروری ہے ۔ انہوں نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ کی بروقت تکمیل کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و سلامتی ، افغانستان میں بگڑتی ہوئی معاشی اور انسانی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر علوی نے کہا افغانستان کو معاشی تباہی سے بچانے کیلئے فوری مالی امداد ضروری ہے جس کیلئے افغانستان کے مالی اثاثوں کو غیر منجمد کرنا ہوگا۔ عالمی برادری کی جانب سے فوری خوراک، ادویات اور پناہ کی فراہمی کیلئے افغانستان کے ساتھ عملی روابط قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔ صدر علوی نے صدر بردی محمدوف کو ترکمانستان کی آزادی کے 30سال مکمل ہونے اور مستقل غیرجانبداری کی پالیسی کی 25ویں سالگرہ پر مبارکباد اور پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت دی۔ قبل ازیں صدر عارف علوی کا دو روزہ دورہ پر اشک آباد پہنچنے پر ترکمانستان کے ڈپٹی وزیر اعظم چیری امانوف نے ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ صدر مملکت کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ دریں اثنا چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں