سعودی عرب کے پاکستان کیساتھ 4ارب 20کروڑ ڈالرکے دو معاہدے

سعودی عرب کے پاکستان کیساتھ 4ارب 20کروڑ ڈالرکے دو معاہدے

3ارب ڈالر زرمبادلہ ذخائر میں مدد کیلئے سٹیٹ بینک میں جمع ہونگے ، ایک ارب 20کروڑ ڈالر سے تیل خریدا جائیگا ، سی ای او سعودی فنڈسلطان المرشد، گورنر سٹیٹ بینک رضاباقر، وزیراقتصادی امور عمر ایوب کے کراچی، اسلام آباد میں دستخط

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب کے پاکستان کیساتھ 4ارب20کروڑ ڈالرکے دو معاہدے ہوگئے ، پہلے معاہدے کے تحت سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سٹیٹ بینک کے پاس 3 ارب ڈالر رکھوائے گا،جو کہ زرمبادلہ ذخائر کا حصہ بن جائیں گے ، تاکہ کورونا وبا سے پیدا ہونے والی مشکلات میں مدد مل سکے ، اس معاہدے پر چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ احمد بن عقیل الخطیب کی طرف سے سی ای او سعودی فنڈ سلطان بن عبدالرحمن المرشد اور پاکستان کی طرف سے گورنر سٹیٹ بینک رضاباقر نے کراچی میں قونصل جنرل بندر بن فہد الدایل کی موجودگی میں دستخط کئے ، دوسرا معاہدہ ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کا ہے جس سے پٹرولیم مصنوعات خریدی جائیں گی، معاہدے پر وزیر اقتصادی امور عمر ایوب نے اسلام آباد میں وزارت تجارت کے ہیڈ کوارٹر میں فنڈ کے سی ای او اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی موجودگی میں دستخط کئے ، سلطان بن عبدالرحمن نے کہا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور شہزادہ بن سلمان کے فراخدلانہ حکم پرپاکستان کے ساتھ دو معاہدے کئے ،یہ اسی امداد کی ایک کڑی ہے جو کہ سعودی عرب ،سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے پاکستان کو پیش کرتی رہی ہے ، سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ نے اب تک تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کے 23پراجیکٹس کی تکمیل میں مدد کیلئے 33 کروڑ 30لاکھ ڈالر سے زائد رقم کی تین گرانٹس فراہم کی ہیں ، جبکہ توانائی، پانی، ٹرانسپورٹ اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں مدد کیلئے تقریباًایک ارب ڈالر کے 20 ترقیاتی قرضے فراہم کئے ہیں، ماضی میں پاکستانی عوام کی معاشرتی و معاشی ترقی اور خوشحال زندگی کے حوالے سے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے سعودی ایکسپورٹ پروگرام کے ذریعے 12مالیاتی آپریشنز کرتے ہوئے 4.7ارب ڈالر کی برآمدات کی ضمانت دی ، عمر ایوب نے سعودی سپورٹ فنڈ کی فراہمی پرخادم حرمین شریفین ، ولی عہد اور سعودی عوام سے اظہار تشکرکیا اور کہا پاکستان ہر مشکل گھڑی میں سچائی کے ساتھ کھڑے رہنے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، یہ سپورٹ بھی مملکت کی طرف سے اس وقت آئی جبکہ پاکستان کو شدید اقتصادی بحران کا سامنا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں