سیالکوٹ کا واقعہ ہمارے لئے ڈوب مرنے کا مقام : تھنک ٹینک

سیالکوٹ کا واقعہ ہمارے لئے ڈوب مرنے کا مقام : تھنک ٹینک

ملک کا پورا معاشرہ گنگ ، ایاز امیر ،ایک لائن ڈرا ہونی چاہئے ، سلمان غنی ، پاکستان امیر،غریب میں تقسیم ،حسن عسکری ، ملک قرضوں میں جکڑ ا گیا ، امتیاز گل

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )سینئر تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کو جو خواب دکھائے گئے تھے وہ کیا تھے اور ہو کیا رہا ہے ،دنیا بھر کے سیاحوں کو پاکستان لانا تھا ، جو سیالکوٹ کا افسوس ناک واقعہ ہوا ہے اس کے بعد کیا کوئی غیر ملکی پاکستان آئے گا ؟ پورا معاشرہ گنگ ہے ،پروگرام ‘‘تھنک ٹینک’’کی میزبان مریم ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اس معاملے پر بات نہیں کرتا ،پاکستان کا دنیا میں تصور برباد ہوکر رہ گیا ۔ہم میں بولنے کی ہمت نہیں ۔ہمارے لئے ڈوب مرنے کا مقام ہے ۔دنیا نیوز کے ایگزیکٹو گروپ ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کا واقعہ پہلا نہیں ۔اس سے قبل خوشاب میں ایک بینک منیجر کے ساتھ ہوا ۔ ایسے واقعات کیوں پیش آرہے ہیں ؟ ایک لائن ڈرا ہونی چاہئے ۔ دوسری جانب آئی ایم ایف سے غلامی کا ایک بدترین معاہدہ کیا گیا ہے ،پہلے اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی ۔پورے ملک میں ایک تشویش ہے ،مہنگائی کا طوفان آئے گا ۔ماہر سیاسیات ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ اس کو نالائقی اور غیر حقیقت پسندانہ سوچ کہہ سکتے ہیں ۔مشیر خزانہ اور سٹیٹ بینک کے گورنر نے جو بیانات دیئے ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں،سبسڈی مسئلہ کا حل نہیں ۔پاکستان دو حصوں میں تقسیم ہوچکا ہے ایک امیر کا پاکستان ہے دوسرا غریب کا پاکستان ۔سینئر تجزیہ نگار امتیاز گل کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہوں اور یہ نہیں ہوسکتا پاکستان میں بھی فوری طور پر کم ہوجائیں ،ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان کو جو اقتصادی طور پر غلام بنانے کا پروگرام تھا وہ عمران خان کی حکومت میں مکمل ہوگیا ہے ،پاکستان قرضوں میں جکڑ گیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں