میانوالی میں کیفے خوشحال کی آمدن خصوصی افراد پر خرچ کی جائیگی : بزدار

میانوالی میں کیفے خوشحال کی آمدن خصوصی افراد پر خرچ کی جائیگی : بزدار

سیالکوٹ واقعہ انسانیت پر بدنما داغ ،ظالموں کو قرار واقعی سزا دلائیں گے ، قانونی کارروائی جلد مکمل کی جائے ، ملک عدنان قوم کا ہیرو،ہمیں آپ پر فخر ، سندھ کی ثقافت تاریخ کی عظیم تہذیب کی آئینہ دار ، وزیر اعلیٰ

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میانوالی میں خصوصی افراد کا کیفے خوشحال بن گیا ۔ عثمان بزدار نے کہا کہ کیفے خوشحال کو خصوصی افراد چلائیں گے ۔کیفے سے حاصل ہونے والی آمدن خصوصی افراد کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی۔خصوصی افراد کے کیفے کا قیام موجودہ حکومت کا ایک اور فلاحی اقدام ہے ۔انہوں نے کہا کہ میانوالی کی انتظامیہ نے خصوصی کیفے بنا کر نیک نامی کمائی ہے ۔خصوصی افراد صلاحیتوں میں نارمل انسانوں سے کم نہیں۔خصوصی افراد کی صلاحیتیں بھی خاص ہوتی ہیں۔خصوصی افراد کو کیفے سے نہ صرف روزگار ملے گا بلکہ ان کی فلاح و بہبود میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کیفے کا دائرہ کار دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔ادھر وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ حکومت سیالکوٹ واقعہ میں سری لنکا کے جاں بحق شہری کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے ، قوم کے دل زخمی ہیں، واقعہ کے بعد پولیس نے نہ صرف ملوث افراد کو گرفتار کیا بلکہ امن عامہ کی فضا کو بھی یقینی بنایا، اس کیس میں انصاف ہوتا ہوا نظرآئے گا۔انسپکٹر جنرل پولیس کوہدایت کی ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی جلد مکمل کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح ہماری حکومت نے پنجاب میں دیگر ہائی پروفائل کیسوں کومنطقی انجام تک پہنچایاہے ، اس کیس کو بھی منطقی انجام تک پہنچایاجائے گا ۔ سیالکوٹ واقعہ انسانیت پر بدنما داغ ہے ۔ واقعہ میں ملوث ملزموں کو قانون کے مطابق سزا ملے گی ۔حکومت انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ظالموں کو قرار واقعی سزا دلائے گی۔ اندوہناک واقعہ کے ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لایا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ملک عدنان قوم کا ہیرو،ہمیں آپ پر فخر ہے ۔سیالکوٹ واقعہ کے دوران سری لنکن شہری کی جان بچانے کے لیے ملک عدنان کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ملک عدنان نے جان پر کھیل کر سری لنکن شہری کو بچانے کی پوری کوشش کی۔ملک عدنان کا مثالی کردار قابل قدر رہا۔انہوں نے کہا کہ ملک عدنان نے سری لنکن شہری کو بچانے کیلئے اپنی زندگی کی پرواہ نہیں کی۔ملک عدنان جیسے شہری ہمارے معاشرے کا اثاثہ ہیں۔وزیر اعلیٰ نے سندھ ثقافت کے دن پر سندھ کے عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ سندھ کی ثقافت کا شمار دنیا کی منفرد اور قدیم ثقافتوں میں ہوتا ہے ۔ سندھ کی ثقافت کے رنگ محبت اور یگانگت سے بھرپور ہیں۔سندھ میں بسنے والے ہمارے بہن بھائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اخوت اور رواداری پر مبنی سندھی ثقافت کا حسن سب سے جدا ہے ۔سندھ کی ثقافت تاریخ کی عظیم تہذیب کی آئینہ دار ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں