ماڈل ٹائون کچہری : پولیس کی موجودگی میں قتل، ڈکیتی کے ملزموں سمیت 11قیدی فرار

ماڈل ٹائون کچہری :  پولیس کی موجودگی میں قتل، ڈکیتی کے ملزموں سمیت 11قیدی فرار

پیشی پر آئے ملزمان نے بخشی خانے کی اینٹیں اکھاڑ کر اہلکاروں پر حملہ کیا،2دوبارہ گرفتار ،دیگر کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیموں کاسرچ آپریشن جاری ، وزیراعلیٰ ،آئی جی کا نوٹس،سی سی پی او سے رپورٹ طلب،ڈی ایس پی اسد محمود معطل ،ڈیوٹی پر مامور ذمہ داروں کیخلاف بھی محکمانہ انکوائری کا حکم

لاہور (کورٹ رپورٹر،خبر نگار سے ،اپنے خبر نگار سے ) ماڈل ٹائون کچہری سے پولیس کی مو جو دگی میں قتل ، ڈکیتی کے ملزموں سمیت 11 قیدی فرار ہو گئے ، قیدیوں نے بخشی خانے کی اینٹیں اکھاڑ کر پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا،وزیراعلیٰ پنجاب ،آئی جی پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی اسد محمود کو معطل کر دیا جبکہ ڈیوٹی پر مامور ذمہ داروں کو بھی معطل کرکے محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق لاہورکی ماڈل ٹاؤن کچہری کے بخشی خانے سے 11 قیدی فرار ہو گئے ۔پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن کیا اور 2ملزموں کو دوبارہ گرفتار کرلیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے دیگر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی جبکہ ابتدائی رپورٹ انہیں بھجوا دی گئی ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا کہ کوٹ لکھپت جیل سے 90 اور کیمپ جیل سے 76 ملزموں کو ماڈل ٹاؤن کچہری لایا گیا،ملزموں نے بخشی خانے میں ہنگامہ آرائی کی اور بخشی خانے کی اینٹیں اکھاڑ کر پولیس پر حملہ کیا۔ فرار ملزم قتل،چوری ڈکیتی اور دیگر مقدمات میں نامزد تھے ۔فرار ہونے والوں میں کوٹ لکھپت جیل کے 3 ملزم حیدر علی ،فیصل ،احمد علی جبکہ کیمپ جیل سے لائے گئے 8 ملزم جاوید ،وسیم ،شعبان ،پرویز ،ایان ،عادل ،سہیل ،احسن شامل ہیں ۔ ادھر انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے ۔ سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ذمہ داروں کو معطل کرکے محکمانہ انکوائری کا بھی حکم دے دیا ہے ۔ آئی جی کا کہنا ہے غفلت کا مظاہرہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ فرار قیدیوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے ۔ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن (ر) مستنصر فیروز نے بتایاہے کہ دو گروپوں کا آپس میں تصادم ہوا، سکیورٹی ٹیم نے تصادم پر قابو پانے کیلئے قیدیوں کو باہر نکالا تو اس دوران ملزمان بے قابو ہوئے اور انہوں نے پولیس افسران کے ساتھ جھگڑا کیا۔پتھر پھینکے اور کر سیاں ، میز اٹھا کر حملہ آور ہوئے ۔ اسی اثناء میں بارہ ملزمان فرار ہوئے جن میں سے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن سرچ آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں جن قیدیوں نے یہ شرارت کی ہے انکے خلاف ایف آئی آر درج کرکے مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں