عالمی مجلس ختم نبوت کے مولانا محمد اکرم طوفانی انتقال کر گئے

عالمی مجلس ختم نبوت کے مولانا محمد اکرم طوفانی انتقال کر گئے

دل کا دورہ پڑنے سے وفات ،عمر 98سال تھی ، نماز جنازہ آ ج 11بجے صبح ہو گی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) عالمی مجلس ختم نبوت کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری و مبلغ اسلام مولانا محمد اکرم طوفانی گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے سے وفات پا گئے ، مرحوم کی عمر 98 سال تھی اور وہ 60 سال تک اسلام کی تبلیغ میں مصروف رہے ، مولانا اکرم طوفانی نے فتنہ قادیانیت کیخلاف طویل جدوجہد کی، ان کی اسلامی تعلیمات سے متاثر ہو کر سینکڑوں قادیانیوں و غیر مسلموں نے ان کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا، مرحوم نے اسلام کی تبلیغ کا آغاز لکڑ منڈی سرگودھا میں واقع ایک چھوٹی سی مسجد سے کیا اور پھر جدوجہد کر کے اسی مقام پر ختم نبوت اکیڈمی کا قیام عمل میں لائے جہاں سینکڑوں بچوں کو دینی تعلیم دی جا رہی ہے ، مرحوم نے طویل جدوجہد کے بعد چناب نگر میں واقع قادیانیوں کے ہارٹ سنٹر کے مد مقابل سرگودھا میں بہترین دل کے عارضہ کے مریضوں کیلئے رحمت للعالمین ٹرسٹ ہسپتال قائم کیا جہاں دل کے مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے ہر طرح کی جدید سہولتیں میسر ہیں، یوں مرحوم ختم نبوت اکیڈمی اور رحمت للعالمین ٹرسٹ کے بانی تھے ، مولانا اکرم طوفانی کا تعلق دیو بند مسلک سے تھا، مگر وہ اتحاد بین المسلمین کے داعی تھے ، مرحوم بریلوی مسلک کے علاوہ، دیو بندی، اہلحدیث سمیت تمام مسالک میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے ، مرحوم کی ختم نبوت کیلئے خدمات پر ہر مذہبی جماعت کے قائدین گاہے بگاہے انہیں خراج تحسین پیش کرتے رہتے تھے ، مرحوم کے سینکڑوں شاگرد علما کرام ملک کے طول و عرض میں تبلیغ اسلام کیلئے سرگرم ہیں، مرحوم مولانا اکرم طوفانی فتنہ قادیانیت کیخلاف ایک تحریک تصور ہوتے تھے ، اس پاداش میں انہیں کئی بار پابند سلاسل بھی ہونا پڑا، 1993ء میں قادیانیت سے تائب ہو کر لاہور کی ایک خاتون نے مسلم ٹاؤن میں واقع اپنی وسیع و عریض اراضی عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے نام وقف کی تو اسے واگزار کروانے والے قافلے کے سربراہ بھی مولانا اکرم طوفانی تھے ان کی نماز جنازہ آ ج صبح 11 بجے ادا کی جائی گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں