ایران کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا، کئی دن جاری رہ سکتا ہے: ٹرمپ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کے خلاف کچھ دیر پہلے بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے، ایرانی خطرہ ختم کر رہے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےاپنے بیان میں کہا کہ ہمارا مقصد امریکی عوام کی سکیورٹی یقینی بنانا ہے، ایرانی رجیم کی جانب سے خطرے کو ختم کررہے ہیں، ہمارا مقصد ایرانی حکومت سے آنے والے خطرات کو ختم کرکے امریکی عوام کا دفاع کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا، کچھ دیر قبل ایران پر بڑا فوجی حملہ کیا، ایران اپنا جوہری پروگرام دوبارہ شروع کرنے کی تیاریاں کر رہا تھا۔
ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پر حملے میں امریکی بھی جان سے جا سکتے ہیں، ایرانی پاسدران انقلاب ہتھیار ڈالیں،آپ کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایران کی بحریہ اور میزائل پروگرام کو ختم کر دیں گے، ہم نے ایران کے ساتھ ڈیل کرنے کی بہت کوشش کی تھی، ایران کے خلاف اسرائیلی اور امریکی آپریشن کئی دن جاری رہ سکتا ہے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ہم یقینی بنائیں گے کہ خطے میں ایرانی پراکسیز خطے یا دنیا کو مزید غیر مستحکم نہ کر سکیں، ایرانی حکومت جلد جان لے گی کہ کسی کو بھی امریکی مسلح افواج کی طاقت اور طاقت کو چیلنج نہیں کرنا چاہئے۔
خیال رہے کہ ایک روز قبل ہی امریکا اور ایران میں جنیوا میں مذاکرات ہوئے تھے جن میں بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی امریکا اور اسرائیل نے ایران پر اس وقت حملہ کیا تھا جب ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات ہو رہے تھے، یہ امریکا اور اسرائیل کا ایک سال کے دوران ایران پر دوسرا حملہ ہے۔