ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ کو شکست ، پاکستان کے سیمی فائنل کی امید زندہ

 ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ کو شکست ، پاکستان کے سیمی فائنل کی امید زندہ

انگلینڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد 4وکٹوں سے شکست دی،نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں7وکٹ پر 159رنز بنائے پاکستان کو آج سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کیلئے سری لنکا کو 65 رنز سے ہرانا ہوگایا ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے مطلوبہ رنز 13 اوورز میں بناناہونگے

کولمبو(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں کیوی کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سائفرٹ اور فن ایلن نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے ابتدائی اوورز میں تیز رفتار بلے بازی کرتے ہوئے پہلی وکٹ پر 64 رنز بنائے لیکن پھر پہلی وکٹ گنوانے کے بعد ٹیم کو توازن بحال کرنا پڑا۔ٹم سائفرٹ نے 35 رنز اور فِن ایلن نے 29 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں جب کہ گلین فلپس 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ راچن رویندرا 11 رنز بنا کر ریحان احمد کا نشانہ بنے ۔اس کے علاوہ مارک چیپمین 15 رنز، ڈیرل مِچل 3 رنز اور کپتان مچل سینٹنر 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ،نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 159رنز بنائے۔

جواب میں انگلینڈ نے ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا اور گروپ میں 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی۔انگلینڈ کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امید زندہ ہے ۔نیوزی لینڈ اور پاکستان میں سے کونسی ٹیم سیمی فائنل میں جائے گی، اس کا فیصلہ آج پاکستان اور سری لنکا کے میچ کے بعد ہوگا۔پاکستان کو سری لنکا کو بڑے مارجن سے شکست دے دینا ہوگی، ورنہ نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے نیوزی لینڈ 3 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔پہلے بیٹنگ کرنے کی صورت میں پاکستان کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لئے سری لنکا کو 65 رنز سے ہرانا ہوگا، ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کو مطلوبہ رنز 13 اوورز میں حاصل کرنا ہوں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں