اسٹاک ایکسچینج ،مندی، 55 فیصدحصص کی قیمتیں گرگئیں
830پوائنٹس کی کمی سے انڈیکس 168062پر بند ،89ارب روپے خسارہ 53کروڑ 62لاکھ سے زائدحصص کے سودے ،کاروباری حجم 22فیصد زائد رہا
کراچی(بزنس رپورٹر)پاک افغان جنگ، امریکا ایران کشیدگی اور روول اوور ویک کے دباؤ پر اسٹاک ایکسچینج میں ایک روزہ وقفے کے بعد کاروباری ہفتے کے آخری روز دوبارہ مندی کی لہر برقرار رہی۔ دوران ٹریڈنگ مندی کے سبب 55فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے 89ارب 09کروڑ 52ہزار 055روپے ڈوب گئے ۔ کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر 487 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 1لاکھ 69ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی تھی لیکن کمرشل بینکنگ، آئل اینڈ گیس، فرٹیلائزر اور آئی ٹی سیکٹر میں اپ سائیڈ پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی جس سے ایک موقع پر 3081پوائنٹس کی مندی سے انڈیکس کی 1لاکھ 66ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی ، تاہم اچھے منافع دینے والے اسٹاکس میں نچلی قیمتوں پر خریداری سرگرمیوں سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 830 پوائنٹس کی کمی سے 168062.17پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس،آل شیئرز انڈیکس اورکے ایم آئی 30 انڈیکس میں بھی مندی رہی۔ کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 22.55فیصد زائد رہا ۔گزشتہ روز 53کروڑ 62لاکھ 41ہزار 529 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 472 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا۔