بنوں ،دہشت گردوں کا چوکی پر حملہ، جوان شہید

بنوں ،دہشت گردوں کا چوکی پر حملہ، جوان شہید

راولپنڈی،بورے والا(خصوصی نیوز رپورٹر،سٹی رپورٹر) بنوں کے علاقے جانی خیل میں دہشتگردوں کا فوجی چوکی پر حملہ ، فائرنگ کے تبادلے میں 1 جوان شہید ہوگیا۔

ادھر میران شاہ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 ملک دشمن گرفتار کرلئے گئے جبکہ 1 دہشتگرد ماراگیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق دہشتگردوں نے جانی خیل کے مقام پر فوجی چوکی پر حملہ کیا ،فائرنگ سے سپاہی سرفراز علی وطن پر قربان ہوگیا۔ 26 سالہ سپاہی سرفراز علی کا تعلق وہاڑی سے ہے ۔ دہشتگردوں کی فائرنگ پر سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقہ میران شاہ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے جبکہ ایک ہلاک ہو گیا۔

ہلاک دہشت گرد زاہد عرف کوچے کالعدم ٹی ٹی پی کا کارندہ اور بارودی سرنگ بچھانے کا ماہر تھا۔ غیر مقامی دہشت گرد ایک گھر میں چھپے ہوئے تھے جبکہ ملک دشمنوں سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے ۔بعدازاں شہید سپاہی سرفراز علی کو وہاڑی کے نواحی علاقہ 357 ای بی میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا،نماز جنازہ میں عزیزواقارب، اہل علاقہ، پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے شرکت کی،میڈیا سے گفتگو میں شہید سرفراز علی کے والدذوالفقار انصاری نے کہا کہ انہیں اپنے بیٹے پر فخر ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں