رانا شمیم کے بیان حلفی کے پیچھے نواز شریف تھے ، شہزاد اکبر

رانا شمیم کے بیان حلفی کے پیچھے نواز شریف تھے ، شہزاد اکبر

لاہور (سیاسی رپورٹرسے )وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ کوئی صدارتی نظام نہیں لا رہے تاہم سسٹم کی بہتری کے لیے مزید اصلاحات کر رہے ہیں۔

رانا شمیم کی جانب سے جمع کروائے جانے والے بیان حلفی کے پیچھے نواز شریف تھے ،رانا شمیم نے خود نہیں بلکہ شریف خاندان کے کہنے پر بیان حلفی جمع کروایا،عدلیہ کے خلاف سازش کا مرکزی کردار بھی نواز شریف ہے ،نواز شریف لندن میں بیٹھ کر عدالتی معاملات پر اثر انداز ہو رہے ہیں اور عدلیہ پر حملے کر رہے ہیں ۔ابھی بھی ہمیں خبر ہے کہ اپنے کیسز پر اثر انداز ہونے کے لیے شریف خاندان ہتھکنڈے استعمال رہا ہے ، تاہم حکومت پوری طرح محتاط ہے ۔ایف آئی اے کیس میں ضمانت کے لیے شہباز شریف کی پیشی تھی اور آخری دن ان کی عبوری ضمانت میں توسیع ہوگئی ۔وہ جمعہ کے روز ایوان وزیر اعلیٰ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ شریف ڈاکٹرائن ہے کہ ججز کو خریدو اور اگر نہ بکیں تو حملہ آور ہو جائو،ایسے ہی شریف ڈاکٹرائن کی جانب سے مریم نواز کے خلاف ایون فیلڈ کیس میں جج کی ایک آڈیو لیک کی جاتی ہے اوررانا شمیم کی جانب سے جمع کروایا جانیوالا بیان حلفی اخبار میں شائع کرایا جاتا ہے جس کا مقصد اسلام آباد ہائی کورٹ میں جاری ایک مقدمے پر اثر انداز ہونا تھا ۔انہوں نے کہا احتساب کا عمل دو طریقوں سے ہو سکتا ہے ،اگر بادشاہت ہو تو ان چور ڈاکوئوں کو کمرے میں بند کر کے ان سے لوٹا مال بر آمد کرایا جائے اور دوسرا جمہوری حکومت میں آئین اور قانون کے مطابق کر نا پڑتاہے اس وقت ہم جمہوری ریاست کے اندر رہ کر قوانین کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ اس وقت ایف ائی اے کیسز میں17 ہزار ٹرانزیکشنز ہیں جو بے نامی اکائونٹس میں ہوئیں،پاپڑ اور فالودے والوں کے نام اکائونٹس سامنے آرہے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں۔

شہباز شریف عوام کو گمراہ کرتے ہیں ۔شہباز شریف یا ان کے ترجمان جہاں بھی ملیں ان سے پوچھا جائے کہ گلزار کے اکائونٹ اور ان کے ذاتی اکائونٹس میں جو پیسے جمع ہوئے ہیں اس پر انہوں نے کبھی وضاحت نہیں دی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں