وزیراعظم کو گھربھیجنے کیلئے ہرآئینی طریقہ استعمال کرینگے ، ن لیگ

وزیراعظم کو گھربھیجنے کیلئے ہرآئینی طریقہ استعمال کرینگے ، ن لیگ

لاہور،اسلام آباد (اپنے سیاسی رپورٹر سے ،سیاسی رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج بھی پاکستان کی سیاست کا محور نواز شریف اور شہباز شریف ہیں، نواز شریف تب پاکستان آئیں گے جب ان کی مرضی ہوگی۔

 جب ن لیگ کا فیصلہ ہوگا ،وزیراعظم کی تقریر نے اشارہ دیدیا ہے کہ عمران خان کے جانے اور نواز شریف کے آنے کا وقت ہوا چاہتا ہے ، ہم امپائر کی انگلی کے اشارے کی بات نہیں کرتے ، ہم نے محنت سے اس ملک کو ترقی دی، عوام کو خوشحالی دی، ہم ہر آئینی و پارلیمانی طریقہ استعمال کرکے اس کو گھر بھیجیں گے ، تیاری مکمل ہے ۔

مسلم لیگ ن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کے مسلط وزیراعظم عوام سے جس طرح مخاطب ہوئے ان کی ذہنی توازن کی شدت مزید بڑھ گئی ہے ، کیا یہ شخص اب برسر اقتدار رہنے کے قابل ہے جو عوام، ریاست اور پارلیمان کو دھمکی دیتا ہے ، عمران نیازی کی تقریر ایک نااہل، چور اور اقتدار کی ہوس میں مبتلا شخص کی تقریر تھی ۔

اب اسے معلوم ہوچکا ہے کہ وہ اب گھر جارہا ہے ، ساڑھے تین سال کنٹینرز پر چڑھ کر کہتا رہا میں چھوڑونگا نہیں، ساڑھے تین سال حکمرانی کے بعد بھی کہتا ہے اب میں چھوڑوں گا نہیں، اب خدا کا واسطہ ہے اس قوم کی جان چھوڑ دیں ،آپ نے ساڑھے تین ارب کا ڈاکا ڈالا ۔اب وہ خوف کا شکار ہے ، آپ کو آر ٹی ایس کو بٹھا کر اور بیساکھیوں کے سہارے لایا گیا ،اب یہ پول وہ خود کھول رہے ہیں۔ جو منتخب ہوکر آتے ہیں وہ دھمکاتے نہیں عوام کے پاس جاتے ہیں، عمران صاحب جب آپ سڑکوں پر غلاظت کا ڈھیر لگا رہے تھے اس وقت وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف تھے ۔

آج آپ کہتے ہیں آپ دفتر بیٹھ کر گھٹیا باتیں سنتا ہوں ،گھٹیا باتیں عوام نہیں آپ اس کرسی پر بیٹھ کر کررہے ہیں، آپ اس کرسی کی تضحیک کررہے ہیں۔ آپ نے عوام کو بے روزگار، ملک کو کنگال اور معیشت کو تباہ کردیا ہے آپ کو خوف اس لئے کہ آپ نااہل ہیں، آپ چور ہیں آپ نے باپ کے سامنے بیٹی کو ہتھکڑیاں لگائیں۔نواز شریف، شہباز شریف کو موت کی چکیوں میں رکھا، عدالتوں سے فیصلے لے کر ن لیگی قیادت و کارکن سرخرو ہوئے ہیں۔

آپ نے جو الزام اپوزیشن پر لگائے ان جرموں کے مجرم آپ خود ہیں ،آپ کس کو دھمکا رہے ہیں؟ ہم تمام الزامات میں سرخرو ہوئے ہیں، جب آپ اخلاقیات کا جنازہ نکال رہے تھے اس وقت نواز شریف، شہباز شریف موٹروے ، بجلی بنارہے تھے ، دہشت گردی ختم کررہے تھے ، آپ جس شہباز شریف پرالزام لگا رہے ہیں وہ آپ کے غلاظت کے دور میں منصوبے لگا رہے تھے ۔

جس پر آپ آج تختیاں لگا رہے ہیں، دھمکیاں مت دیں، اب عوام میں آئیں، عوام کا ہاتھ ہوگا، آپ کا گریبان ہوگا ،نواز شریف اپنی بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر واپس آیا تھا۔یہ ریاست کو، عدالت کو، پارلیمان کو دھمکیاں دے رہے تھے ،جھوٹے الزامات نے ہمارا خوف ختم کردیا ہے ،جرات کیسے ہے آپ شہباز شریف کو کریمنل کہہ رہے ہو آپ کو بے گناہ لوگوں کو سزائے موت کی چکیوں میں ڈالنے کا حساب دینا ہوگا ۔ملک کو تباہ کرنے والا، بچوں کو 50 ہزار ارب کے قرضوں میں دبانے والا کریمنل آپ ہیں۔

چینی ملک سے باہر بھجوانے والا، گندم باہر بھجوا کر منگوانے والا آپ جیسا کریمنل ہوتا ہے ، بی آر ٹی پشاور پر 75ارب کا ڈاکاڈالنے والا ،بلین ٹری سونامی کرپشن، کوویڈ فنڈ کرپشن،غیر قانونی فارن فنڈنگ والا آپ جیسا کریمنل ہوتا ہے ، یوریا بھاری قیمت پر بیچنے والا، توشہ خانہ اور رنگ روڈ پر پیسہ کھانے والا آپ جیسا ہوتا ہے ۔ شہباز شریف نے عوام کو منصوبے دیئے ،،ذاتی کاروبار کو نقصان پہنچا کر ڈیڑھ کھرب بچایا۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف علاج کے لئے گئے ، اس حکومت نے میڈیکل رپورٹ دی تھی کہ ہمارے پاس نواز شریف کی بیماری کا علاج نہیں ہے ۔ان کی وزارت داخلہ نے سرٹیفکیٹ دیا تھا کہ وہ علاج کرانے جائیں ۔میاں نواز شریف باہر بیٹھ کر بھی پاکستانی سیاست کا محور ہیں باہر بیٹھے نواز شریف سے یہ حکمران خوفزدہ ہیں۔

ادھرشہزاد اکبرکے مشیرداخلہ و احتساب کے عہدے سے مستعفی ہونے پرلیگی رہنما پرویزرشید نے کہا کہ ایک دن ایسا ضرورآتا ہے جب آپ کے جھوٹ ہی آپ کو نگل جاتے ہیں۔عطاء اللہ تارڑ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ شہزاد اکبر قومی مجرم ہیں، انتقامی کاررورائیوں کا مداوا کون کرے گا؟۔ کیا شہزاد اکبر سے قوم کا پیسہ اور وقت ضائع کرنے کا حساب لیا جائے گا؟ایسٹ ریکوری یونٹ نے قوم کے اربوں روپے خرچے اور نتیجہ کچھ نہ نکلا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں