چیف جسٹس نے پروٹوکول میں شامل 2گاڑیاں واپس کردیں
لاہور(محمد اشفاق سے )چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس عمر عطابندیال نے نئی مثال قائم کردی ، پروٹوکول میں شامل دو مرسڈیز گاڑیاں حکومت کو واپس کردیں، چیف جسٹس پاکستان بطور جج ملنے والی سرکاری گاڑی پر سفر کرنے لگے ۔
چیف جسٹس پاکستان کے اس اقدام پر وکلا تنظیموں نے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن احسن بھون کاکہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان پورے ملک کے ججز کے لیے مثال بن گئے ، انہوں نے تاریخی فیصلہ کرکے یہ ثابت کردیا کہ وہ ایک عظیم جج ہیں، انہوں نے کہا اعلیٰ عدالتوں کے باقی ججز کو بھی چیف جسٹس پاکستان عمر عطابندیال کو فالو کرناچاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس پاکستان زیر التوا مقدمات کو کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کررہے ہیں جس کا مظاہرہ ہم عدالتوں میں دیکھ رہے جس سے سائلین کو بھر پور فائدہ ہورہا ہے ۔
وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل حفیظ الرحمن چودھری نے کہاکہ چیف جسٹس پاکستان عمر عطابندیال نے مرسڈیز گاڑیاں حکومت کو واپس کرکے بہترین فیصلہ کیا ہے ، اس سے وکلا برادری میں ان کی عزت اور احترام پہلے سے بڑھ گیا ہے ۔ پورے ملک کی جانب سے اس اقدام کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا چیف جسٹس کے اقدامات سے سپریم کورٹ میں روزانہ کی بنیاد پر زیر التوا مقدمات نمٹانے کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ، قبل ازیں روزانہ کی بنیاد پر مقدمات نمٹانے کی شرح انتہائی کم تھی، بروقت انصاف کی فراہمی چیف جسٹس پاکستان کا ویژن ہے ، جس پر ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔