حج سبسڈی کی رقم حاجیوں کو واپسی پر مل جائیگی:مفتی عبد الشکور
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبد الشکور نے کہا ہے کہ حکومت نے وفاقی کابینہ کی طرف سے حاجیوں کیلئے اعلان کردہ سبسڈی کی رقم وزارت مذہبی امور کو فراہم کردی ،حاجیوں کی وطن واپسی پر یہ رقم ان کے اکائونٹس میں منتقل کر دی جائے گی ،وہ پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیر مذہبی امور کو حج انتظامات کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل حج ابرار احمد مرزا اور ڈائریکٹر حج مکہ ساجد منظور اسدی نے منی، مزدلفہ اور عرفات میں حج انتظامات سمیت پاکستانی عازمین حج کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش، کھانے پینے اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ہم نے سب کو پہلے ہی بتا دیا تھا کہ حاجیوں کی خدمت اور حج انتظامات کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی سمجھو تا نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے حج مشن مکہ کے حکام کو ہدایت کی کہ پاکستانی حاجیوں کے جس سیکٹر میں بھی حج انتظامات میں جہاں بھی کوئی سقم نظر آئے اس کا فوری ازالہ کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments