الیکشن کمیشن:تحریک انصاف کے 43 ایم این ایز ڈی نوٹیفائی ،پنجاب،پختونخوا میں انتخابات کی تاریخیں تجویز

الیکشن  کمیشن:تحریک   انصاف   کے  43  ایم   این   ایز   ڈی   نوٹیفائی  ،پنجاب،پختونخوا   میں   انتخابات   کی  تاریخیں   تجویز

اسلام آباد (وقائع نگار )الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کر دیا۔سپیکر را جہ پرویز اشرف نے گزشتہ روز تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے۔

 جس کے بعد قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے صرف منحرف اراکین اور چھٹیوں کی درخواست دینے والے 2 اراکین باقی رہ گئے ۔سپیکر نے پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور کر کے انہیں ڈی نوٹیفائی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا۔اب الیکشن کمیشن نے مستعفی 43 اراکین کو ڈی نوٹیفائی کر دیا ۔ مجموعی طور پاکستان تحریک انصاف کے 122اور شیخ رشید کا ایک استعفیٰ ملا کر 123اراکین کے استعفے منظور ہو چکے ہیں۔علاوہ ازیں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سی ڈی اے کو مستعفی پی ٹی آئی ارکان سے لاجزخالی کرانے کے لیے خط لکھ دیا۔ پی ٹی آئی ارکان کو رہائش گاہیں خالی کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دیدی گئی ہے ۔پارلیمنٹ لاجز میں مستعفی ارکان کو بقایا جات کی فوری ادائیگی کیلئے نوٹس بھی جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

اسلام آباد (وقائع نگار)پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کی تاریخ کیلئے صوبائی گورنرز کو خطوط ارسال کردیئے گئے ۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے عام  انتخابات کے لئے 9 سے 13 اپریل جبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے لیے 15 سے 17 اپریل کی تاریخیں تجویز کی ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا میں 15 سے 17 اپریل کے درمیان تاریخ فائنل کرکے حکام کو آگاہ کریں۔ اسی طرح الیکشن کمیشن پنجاب میں 13 اپریل سے پہلے انتخابات کرانے کاپابند ہے ۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اسمبلیاں ٹوٹنے کے بعد 90 روز میں عام انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں