آزاد کشمیر:مخصوص نشستوں پر الیکشن،پی ٹی آئی کو برتری

 آزاد کشمیر:مخصوص نشستوں پر الیکشن،پی ٹی آئی کو برتری

مظفرآباد (بیورو رپورٹ،مانیٹرنگ) آزاد کشمیر بلدیاتی اداروں کی مخصوص نشستوں پر انتخابات کا مرحلہ مکمل ہو گیا ، ٖغیر حتمی نتائج کیمطابق مجموعی طور پر پی ٹی آئی کو برتری حاصل ہے ، پولنگ کا عمل پرامن رہا، کئی حلقوں میں ووٹ برابر ہو گئے جس پر ٹاس پر فیصلہ کیا گیا۔

 میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کی خواتین کی پانچ نشستوں میں سے تین پر اپوزیشن اتحاد اور دو پر پی ٹی آئی فاتح رہی، پی ٹی آئی کے سابق وزیراعظم قیوم نیازی نے اپنے حلقہ میں پی ڈی ایم کا صفایاکر دیا، ان کے حلقے میں پی ٹی آئی نے 14نشستیں لیں ، سماہنی میں 3نشستوں پر پرچی ڈال کر فیصلہ کیا گیا۔ میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ میں تحریک انصاف نے خواتین کی ایک ،جموں کشمیر پیپلز پارٹی نے خواتین کی ایک ،پیپلزپارٹی نے خواتین کی ایک جبکہ نوجوانوں کی مختص نشست پر جموں کشمیر پیپلز پارٹی نے ایک ،تحریک انصاف نے ایک جبکہ ورکر کی نشست پر جموں کشمیر پیپلز پارٹی نے ایک نشست حاصل کی، میرپور میں خواتین کی 4 نشستیں تحریک انصاف اور 2 ن لیگ نے حاصل کیں، میونسپل کارپوریشن میرپور نوجوانوں کی مختص نشستوں پر تحریک انصاف 3، مسلم لیگ ن 3 اور کسان ورکر کی ایک نشست تحریک انصاف نے حاصل کی، میونسپل کارپوریشن کوٹلی میں خواتین کی ایک پیپلزپارٹی، ایک نشست تحریک انصاف، نوجوانوں کی ایک نشست ن لیگ ، ایک نشست تحریک انصاف، کسان ورکر کی ایک نشست پیپلزپارٹی نے حاصل کی۔ضلع کونسل نیلم میں تحریک انصاف نے خواتین اور کسان ورکر کی ایک ایک نشست حاصل کی جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے خواتین کی ایک ،مسلم لیگ ن نے خواتین کی ایک اور نوجوانوں کی نشست پر آزاد امیدوار کامیاب ہو گیا۔ ادھر ضلع کونسل پونچھ میں تحریک انصاف نے خواتین کی ایک اور نوجوان کی ایک نشست حاصل کی جبکہ پیپلزپارٹی نے خواتین کی ایک ، مسلم لیگ ن نے خواتین کی ایک، نوجوانوں کی ایک اور کسان ورکر کی ایک نشست حاصل کی۔ جموں کشمیر پیپلزپارٹی نے خواتین کی ایک اور نوجوانوں کی ایک نشست حاصل کی۔ ضلع کونسل بھمبر میں پاکستان پیپلزپارٹی نے خواتین کی ایک ،تحریک انصاف نے خواتین کی ایک اور نوجوانوں کی ایک نشست حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن نے خواتین کی ایک اورنوجوانوں کی دو نشستیں حاصل کیں۔ کسان، خاتون اور نوجوانوں کی ایک نشست پر کامیاب امیدواروں کی جماعتی وابستگی ظاہر نہیں کی گئی۔ ضلع کونسل سدھنوتی میں تحریک انصاف نے خواتین کی ایک، نوجوانوں کی دو اور کسان ورکر کی ایک نشست حاصل کی جبکہ ن لیگ خواتین کی ایک نشست حاصل کر سکی۔ ضلع کونسل حویلی میں خواتین اور نوجوانوں کی دو دو نشستوں پر کامیاب امیدواروں نے جماعتی وابستگی ظاہر نہیں کی جبکہ ن لیگ کسان ورکر کی ایک نشست پر کامیاب ہوئی ۔ ضلع کونسل مظفرآباد میں پیپلزپارٹی خواتین کی دو نوجوانوں کی دو اور کسان ورکر کی ایک نشست لینے میں کامیاب ہوگی جبکہ تحریک انصاف نے خواتین کی دو اورنوجوانوں کی ایک نشست حاصل کر لی ۔ ن لیگ خواتین کی ایک اور نوجوانوں کی ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی جبکہ نوجوان کی ایک اور نشست پر کامیاب امیدوار نے جماعتی وابستگی ظاہر نہیں کی۔ضلع کونسل باغ میں پی ٹی آئی نے 6، ن لیگ ایک اور ایک آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں