پولیو قومی مسئلہ،مرض سے نمٹنے کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا:محسن نقوی

پولیو  قومی  مسئلہ،مرض  سے  نمٹنے   کیلئے  سب  کو  ملکر  کام  کرنا ہوگا:محسن  نقوی

لاہور(سیاسی رپورٹرسے) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس ہوا،جس میں انسداد پولیو اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ13سے 16فروری تک پنجاب کے 13اضلاع میں انسداد پولیومہم شروع کی جارہی ہے اورمہم کے دوران 2کروڑ 20لاکھ بچوں کوانسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے ۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پولیو فری پنجاب کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ویکسی نیشن مہم کے دوران مانیٹرنگ کا فول پروف نظام وضع کیاجائے اورانسداد پولیو مہم کیلئے وضع کردہ پلان پر 100فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ قوم کے نو نہالوں کے مستقبل کی جنگ ہے ۔مشترکہ کاوشوں سے مرض کا خاتمہ کریں گے ۔ یہ ہمارا قومی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے انسداد پولیو اقدامات اورمہم کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔نگران وزیراعلیٰ سے اٹلی کے ترقیاتی تعاون کے ادارے کے ڈائریکٹر لوکا میسٹر یپیری کی سربراہی میں 13رکنی وفدنے ملاقات کی،ملاقات میں پنجاب میں زراعت اور ووکیشنل ٹریننگ کے شعبوں میں اشتراک پر تبادلہ خیال کیاگیا اور ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے نمٹنے کے لئے اطالوی تکنیکی معاونت پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کی تجدید کے حوالے سے تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔ملاقات میں زراعت، ووکیشنل ٹریننگ،ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کے لئے باہمی تعاون پر اتفاق کیاگیا۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اطالوی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سموگ سے نمٹنے کے لئے اٹلی کی تکنیکی معاونت کاخیر مقدم کریں گے ۔یورپی یونین کی مارکیٹوں تک رسائی دینے پر اٹلی کے ممنون ہیں۔زراعت او ردیگر شعبوں کی بہتری کے لئے اٹلی کی ٹیکنیکل سپورٹ کا خیر مقدم کریں گے ۔اٹلی میں ٹیوٹا انسٹرکٹرز کی ٹریننگ سے پنجاب کی ووکیشنل ایجوکیشن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیاجاسکے گا۔ اطالوی وفد کے سربراہ نے کہاکہ لاہور آکر خوشی ہوئی، ثقافت اور لوگوں کی مہمان نوازی متاثر کن ہے ۔ پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈٹریڈ کے سی ای او نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بریفنگ دی جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری انوائرمنٹ نے ایئرکوالٹی اورماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منانے پر قوم خصوصاً صوبے کے عوام سے اظہار تشکرکرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے اجتماعات میں عوام کی بھرپور شرکت پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کے خلاف پرزور انداز میں آواز بلند کی گئی۔پرعزم پاکستانی قوم نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیااور بھارت کو کھلا پیغام دیا گیا کہ پاکستان اورکشمیر ایک لڑی میں پروئے ہوئے ہیں۔ عوام آج جوق درجوق باہر نکلے اوربھارتی مظالم کو بے نقاب کیا۔زندہ قومیں ہمیشہ جذبے اور عزم کے ساتھ عظیم مقصد کیلئے اکٹھی ہوتی ہیں۔ پاکستانی قوم نے ثابت کیا ہے کہ ان کا کشمیر یوں کے ساتھ انمٹ رشتہ ہے جو ہمیشہ رہے گا۔اقلیتی برادریوں خصوصاً ہندو، سکھ اور مسیحی افراد کوبھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں،سب نے یک زبان ہو کر کشمیر کاز کیلئے آواز اٹھائی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں