شیخ رشید کا طبی معائنہ، جیل انتظامیہ ن گھر سے آیا کھانا واپس کر دیا

راولپنڈی(خبر نگار ،صبا نیوز) اڈیالہ جیل انتظامیہ نے شیخ رشید کیلئے گھر سے بھیجا جانے والا کھانا واپس کردیا، کھانے میں یخنی، دال گوشت اور سفید چاول شامل تھے ، انتظامیہ نے وصول کرنے سے انکار کرتے ہوئے شیخ رشید تک پہنچانے کی اجازت نہ دی۔
انتظامیہ کے مطابق اتوار کے دن تعطیل ہوتی ہے ، اس دن اسیران سے ملاقات اور انھیں کسی قسم کا سامان پہنچانے کے لئے وصول نہیں کیا جاتا، شیخ رشید کو جیل کی ہائی سکیورٹی بیرک میں رکھا گیا ہے جہاں ان کی پہلے دن طبیعت ناساز ہوئی تھی ، انتظامیہ نے جیل کے میڈیکل آفیسر کے ذریعے انکا طبی معائنہ کروایاتھا۔میڈیکل آفیسر نے ان کا ٹمپریچر ، بلڈ پریشر وغیرہ چیک کیا جو نارمل تھا تاہم میڈیکل آفیسر نے ا نہیں پینا ڈول تجویز کی۔ انتظامیہ کے مطابق شیخ رشید کی طبیعت بہتر ہے ۔ادھر تھانہ نوشہرہ کینٹ میں شیخ رشید کیخلاف دفعہ 150,151کے تحت مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست دیدی گئی ، پیپلز پارٹی پشاور ڈویژن کے صدر لیاقت شباب ، سعید اللہ ، فلک ناز خان ، نجیب اللہ خٹک ، محمد الیاس اور پارٹی کارکنوں نے درخواست میں لکھا کہ ٹی وی چینل پر ایک پروگرام میں شیخ رشید احمد نے آصف زرداری پر الزام لگایا کہ انہوں نے چند دہشتگردوں کی خدمات حاصل کیں اور عمران احمد نیازی کے قتل کا منصوبہ بنایا ، اس بیان سے نہ صرف آصف زرداری بلکہ ان کے خاندان کیلئے مستقل خطرہ پیدا ہو گیا ۔