23مارچ تک ترکیہ میں 50ہزار خیمے بھیجے جائینگے :وزیراعظم
اسلام آباد ، لاہور (سیاسی رپورٹر ،اے پی پی،دنیا نیوز،صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ترکیہ اور شام میں زلزلہ متاثرین کے لئے خیموں اور دیگر امدادی اشیا کی جلد از جلد ترسیل بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم نے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان کی معینہ مدت میں روانگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زلزلہ متاثرین کیلئے امداد مقررہ وقت پر بھیجی جائے گی۔
23 مارچ تک ترکیہ میں 50 ہزار خیمے بھیجے جائینگے ، پاکستان میں مخیر حضرات زلزلہ متاثرین کیلئے عطیات جمع کرارہے ہیں۔انہوں نے خیموں کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے ترکیہ بھیجنے سے پہلے رینڈم چیکنگ کی بھی ہدایت کی ہے ۔ اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر احسن اقبال، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی،ترکیہ میں پاکستان کے سفیر اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں ماہ 23 مارچ تک 34 پروازیں امدادی سامان لے کرترکیہ اور شام جائیں گی، ان پروازوں میں سردی سے بچا ؤکے 50 ہزار خیمے ، 38 ہزار کمبل ترکیہ اور 22 ہزار کمبل اور 10 ہزار راشن کے پیکٹ شام بھیجے جائیں گے ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ آج ہفتہ کو ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے پاکستان نیوی کا دوسرا بحری جہاز سامان لے کر روانہ ہوگا ، دریں اثنا وزیراعظم سے رکن قومی اسمبلی سید عمران احمد شاہ نے ملاقات کی ، اس دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور قومی اسمبلی کے متعلقہ حلقے کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین لیسکو حافظ نعمان نے بھی ملاقات کی، وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے چیئرمین لیسکو کو رمضان میں سحر و افطار کے اوقات میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھانے کی خصوصی ہدایت کی ۔