4 قتل ،گھر جانے سے انکار پر ناراض بیوی کو گولی مار دی

فیروزوالہ (تحصیل رپورٹر)مختلف واقعات میں معمولی جھگڑوں پر خاتون سمیت تین افراد جبکہ مریدکے کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے کار سوار قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ مائی حاجن شیخوپورہ کی شمیم شوہر ندیم سے ناراض ہو کر میکے چلی گئی، ندیم منانے آیا، اس دوران تلخ کلامی پر شمیم نے واپس جانے سے انکار کردیاجس پر ندیم نے مشتعل ہو کر فائرنگ کرکے اسے قتل کر دیا، تھانہ صدرشیخوپورہ نے مقتولہ کی لاش پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی اور ملزم ندیم کے خلاف قتل کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا ۔ ادھر لاہور کا رہائشی نذیرجوئیہ فیملی کے ہمراہ مریدکے میں پلاٹ دیکھنے آیا، واپسی پر انہیں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے روکنے کی کوشش کی ، نہ رکنے پر فائرنگ کردی جس کی زد میں آ کر نذیر شدید زخمی ہوگیا، اسے فوری ہسپتال پہنچایا گیا مگر زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ تھانہ صدر مریدکے نے نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ ادھر شرقپورکے علاقے ناظرلبانہ میں گھریلو جھگڑے پر اکرم نے گولی مار کر اپنے بھائی افضل کو قتل کر دیا ۔ شرقپورپولیس نے والدہ کی رپورٹ پر ملزم اکرم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا اور لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی ۔ لاہور شرقپور روڈ کی آبادی کوٹ محمود میں 2 بھائیوں نے 16 سالہ فیضان اختر کو گھر سے باہر بلا کر تشدد کرکے مار ڈالا ۔ شرقپور پولیس نے مقتول کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق چند روز قبل مقتول فیضان کا ملزم ہارون سے جھگڑا ہوا، جس کا بدلہ لینے کیلئے ہارون نے اپنے بھائی علی رضا کے ذریعے فیضان اختر کو کھیلنے کے بہانے گھر سے باہر بلایا ، بعدازاں دونوں بھائیوں نے فیضان اختر پر مکوں اور لاتوں سے تشدد کرکے ہلاک کر دیا اور لاش ویران جگہ پھینک کر فرار ہوگئے ۔