پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر عباد فاروق نے کور کمانڈر ہاؤس کو آگ لگانے کا ذمہ دار یاسمین راشد کو قرار دیا پھر بیان واپس لے لیا
لاہور (سپیشل رپورٹر)تحریک انصاف لاہور کے حلقہ پی پی 148 سے ٹکٹ ہولڈر عباد فاروق نے کور کمانڈر ہاؤس آگ لگانے کا ذمہ دار ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کو قرار دے دیا ۔ٹکٹ ہولڈر نے تحریک انصاف کا ٹکٹ بھی واپس کرنے کا اعلان کردیا۔
عبادفاروق نے اپنا مبینہ ویڈیو میسج جاری کردیا، جس میں انہوں
نے کہا یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر لیڈر شپ نے فون کرکے لبرٹی بلوایا،لبرٹی مارکیٹ بلوا کرکہا گیا کہ کور کمانڈر ہاؤس جاکر آگ لگانی ہے ،کور کمانڈر ہاؤس جو ہوا وہ اچھا نہیں ہوا،میں پی ٹی آئی کا ٹکٹ واپس کرتا ہوں۔بعد ازاں میاں عباد فاروق اپنے بیان سے مکر گئے ،عباد فاروق نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میرے حوصلے پہلے سے زیادہ بلند ہیں ، عمران خان کیساتھ کھڑا تھا اب بھی ہوں،میں پہلے کی طرح ڈٹ کر عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں ،مجھے ائیرپورٹ کے قریب سے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر رکھا گیا،اب مجھے اے ٹی سی کے حوالے کرکے عدالت میں پیش کیا گیا ہے ۔