محسن نقوی کچے میں پہنچ گئے،اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقا ت

محسن  نقوی  کچے  میں  پہنچ  گئے،اگلے   مورچوں  پر  تعینات  جوانوں  سے  ملاقا ت

لاہور(سیاسی رپورٹرسے ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی رحیم یار خان کے علاقے کچے میں شرپسندوں کے خلاف جاری آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور جوانو ں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے کچے کے علاقے پہنچ گئے۔

محسن نقوی نے کچے کے شرپسندوں سے  کلیئر کرائے گئے مواضعات اور اندرون کچہ کا دورہ کیااور اگلے مورچوں پر تعینات پولیس کے جوانوں سے ملاقات کی اور شدید گرمی میں آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس جوانوں کے جذبے کو سراہا۔ محسن نقوی، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب اور دیگر پولیس افسروں نے جوانوں کے ساتھ مل کر کھانا کھایااور ان کے مسائل سنے اور حل کی یقین دہانی کرائی۔محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں قائم پولیس چوکی، عارضی ڈسپنسری و سکول کا بھی دورہ کیا۔ سکول میں زیر تعلیم بچوں سے ملاقات کی اور تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں پوچھا۔کچے میں قائم سکول میں زیر تعلیم بچوں کو انعامات دیئے ۔محسن نقوی نے بنیادی مرکز صحت گڑھی خیرکا بھی وزٹ کیا اور سینٹر میں صحت عامہ کی سہولتوں کا جائزہ لیا- شرپسندوں سے کلیئر کرائے گئے کچے کے علاقے میں سکول اور ہسپتال کے قیام کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شرپسندوں کے ٹھکانے ختم کر کے مستقل انفراسٹرکچر قائم کیاجا رہا ہے ۔شرپسند عناصر کو کچے کے علاقے میں دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے ۔نگران وزیراعلیٰ کی زیر صدارت جیل ریفارمز سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹیکنیکل تعلیم حاصل کرنے والے قیدیوں کی سزا میں بھی کمی کی جائے گی اور سزا میں کمی کی مدت 2ماہ سے بڑھاکر 3ماہ ہوگی جبکہ سزا میں کمی کا اطلاق سال میں 2بار ہوسکے گا۔ اجلاس میں ملاقاتیوں کیلئے انتظار گاہوں میں سہولتیں بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ قیدیوں کے لئے ویڈیو کال اور انٹرنیشنل کال کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ۔

محسن نقوی نے ہدایت کی کہ تمام بیرکس او رسیل میں ایئر کولر لگائے جائیں۔ اجلاس میں کسی عزیز کے انتقال پر قیدی کو پیرول پر رہا کرنے کا اختیار سپرنٹنڈنٹ جیل کو بھی دینے کافیصلہ کیا گیا۔نگران وزیراعلیٰ نے ملتان میں چلڈرن ہسپتال اورکارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا۔ مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کاجائزہ لیا۔ چلڈرن ہسپتال میں ایک بیڈ پر 4،4بچوں کا علاج کیا جا رہاتھا ۔محسن نقوی انتظار گاہوں میں تیمار داروں کے ساتھ بیٹھ گئے اور ان کے مسائل سنے اورحل کے لئے ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے سرگودھا ٹیچنگ ہسپتال میں گزشتہ 72گھنٹے میں مبینہ اموات کے حوالے سے نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کر لی اورتحقیقات کاحکم دیا ہے ۔لاہور برج توسیعی پراجیکٹ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔محسن نقوی نے لاہوربرج توسیعی منصوبے کا دورہ کیا۔محسن نقوی نے برج کی سٹرک کا معائنہ کیا اور اعلیٰ معیار کو سراہا۔فیروز پور روڈ کے اہم پوائنٹ پر لاہور برج کی توسیع سے ٹریفک کا بڑا مسئلہ حل ہوگیا۔محسن نقوی نے کہا کہ ریلوے ، لیسکو و دیگر مسائل کو ہماری حکومت نے ذاتی دلچسپی لے کر حل کیا۔ یومیہ ایک لاکھ 60 ہزار گاڑیوں کوآمدورفت میں بے پناہ سہولت ملے گی۔شہریوں کے قیمتی وقت اور ایندھن کی مد میں یومیہ کروڑوں روپے کی بچت ہو گی۔وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور برج کی توسیع سے یہ برج اب کل 12 لین پر مشتمل ہے ۔اس برج میں ڈرینج کا خاص خیال رکھا گیا ہے ۔ برج کی تکمیل میں گزشتہ حکومت میں تاخیر ہوئی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں بالکل حصہ نہیں لوں گا۔کسی پر الزام نہیں لگارہے لیکن پنجاب کے بیشتر ہسپتال عرصہ سے بری حالت میں ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں