سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف ملک گیر مظاہرے،اسلا مو فوبیا کا مقابلہ کرنا ہوگا:وزیراعظم کا سیکرٹری جنرل او آئی سی کو فون

سویڈن میں  قرآن  پاک کی  بے  حرمتی  کیخلاف  ملک  گیر مظاہرے،اسلا مو  فوبیا کا  مقابلہ  کرنا  ہوگا:وزیراعظم کا  سیکرٹری  جنرل او آئی  سی  کو  فون

لاہور ، اسلام آباد ، کراچی ، پشاور (اپنے کامرس رپورٹر سے ،خصوصی رپورٹر، اپنے رپورٹر سے ، سپیشل رپورٹر ، سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں )سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک بھر میں ‘یوم تقدیس قرآن’ کے سلسلے میں احتجاج کیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں۔نماز جمعہ کے بعد شہریوں نے سویڈن میں پیش آنے والے واقعے پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔

 لاہور میں مسجد شہدا کے باہر مختلف تنظیموں و جماعتوں نے  مسجد شہدا سے چیئرنگ کراس تک احتجاجی ریلی نکالی، ہال روڈ چوک پر احتجاجی جلسہ کیا گیا،لاہور میں مختلف مقامات پر احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، تاجروں، سیاسی جماعتوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے مسجد شہدا سے چیئرنگ کراس تک ریلی نکالی گئی ،مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ۔ ریلی میں مسلم لیگ ن لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر اپنے کارکنوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ شریک ہوئے ، وزیراعظم کے مشیر مذہبی امور شبیر احمد عثمان، لیگی رہنما حافظ نعمان، تاجر رہنما بابر محمود، حاجی نواز احمد پپو سمیت دیگر نے شرکت کی ۔مظاہرین نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ مظاہرین نے حکومت سے اقوام متحدہ میں جا کر قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات روکنے کے لئے عالمی سطح کی قانون سازی کروانے کا مطالبہ کیا ۔مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت اس معاملے کا سخت نوٹس لے اور سویڈن کے سفیر کو فوری طور پر ملک بدر کیا جائے ، سویڈن سے سفارتی اور تجارتی تعلقات ختم کئے جائیں،مظاہرین کی جانب سے سویڈن حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور سویڈن کا قومی پرچم بھی نذر آتش کیا گیا۔عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام شہر، شہر عظمت قرآن ریلیاں نکالی گئیں اور منہاج القرآن کے علما و سکالرز نے جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں قرآن مجید کی عظمت پر خطابات کئے ۔فیصل آباد،ملتان،سمندری،پاکپتن،ساہیوال،قصور،سیالکوٹ،پشاور،سرگودھا،منڈی بہاؤ الدین میں عظمت قرآن ریلیاں نکالی گئیں۔جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام منصورہ ملتان روڈ پر سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔مظاہرین نے سویڈن حکومت، امریکا و اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی اورسویڈ ن کا پرچم بھی نذر آتش کیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی کال پر 30سے زائد مقامات پر بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے اشتعال انگیز واقعہ کے خلاف نماز جمعہ کے بعداحتجاجی مظاہرے کئے گئے ،آئی ایٹ مرکز، جی الیون ون،آئی ٹین مرکز،جی پندرہ ،بہارہ کہو سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے شرکت کی،شرکا نے سویڈن حکومت کی اجازت سے آزادی اظہار رائے کے نام پر مقدس کتاب قرآن مجیدکی بے حرمتی کو دہشتگردی اور اشتعال انگیز قرار دیا ،احتجاجی مظاہروں میں شرکا نے قرآن مجید سے محبت اور سویڈن میں ہونے والے اشتعال انگیز واقعہ کے خلاف نفرت کا اظہار کیا اور نعرے بازی کی ،مرکزی مسلم لیگ انتہاپسندانہ سوچ کی حامل سویڈن حکومت کیخلاف ملک گیر سطح پر احتجاج ریکارڈ کروائے گی ،اس سلسلے میں کل (اتوار)شام پانچ بجے نیشنل پریس کلب کے باہر گرائونڈ میں بڑا احتجاجی پروگرام منعقد ہو گا جس میں اسلام آباد بھر سے سینکڑوں مرد وخواتین قرآن سے محبت کا اظہار کریں گے ۔وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ سے اربوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ،قرآن ہماری مقدس کتاب اور دستور حیات ہے ،قرآن مجید کی گستاخی کسی صورت قبول نہیں، قرآن پاک دوسرے مذاہب کیلئے بھی مشعل راہ ہے ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں ، سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتے مگر یوں کسی مذہب کی مقدسات کی توہین قطعا برداشت نہیں ۔سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے صدر عابد شاہد زبیری نے کہا ہے کہ قرآن پاک اور رسولؐ مسلمانوں کی ریڈ لائن ہیں ۔ سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام سویڈن میں قرآن حکیم کی بے حرمتی کے خلاف منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے بار کے صدر نے کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنا اسلام اور مسلمانوں کے خلاف ایک سازش ہے جس کا مقصد مسلمانوں کے جذبات بھڑکانا ہے ۔

قبل ازیں وکلا نے بطور احتجاج عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور پھر سپریم کورٹ کے مین گیٹ کے سامنے جمع ہوکر احتجاج کیا ۔اس موقع پر قرآن پاک کی تلاوت بھی کی گئی ۔ سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ،کراچی بار ایسو سی ایشن اور ملیر بار ایسو سی ایشن کی جانب سے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے عدالت عالیہ، سٹی کورٹ اور ملیر میں احتجاجا ً عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا۔ وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے ۔ سندھ ہائی کورٹ میں بھی وکلا نے جنرل باڈی اجلاس طلب کرکے قرارداد منظور کرلی۔ وکلا نے مطالبہ کیا ہے کہ سویڈن حکومت سے رابطہ کرکے یقینی بنایا جائے کہ قرآن شریف کو جلانے والے کو سزا دی جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جائے ۔ مسلم لیگ (ن )کے زیر اہتمام پشاور پریس کلب کے باہر یوم تقدیس کے حوالے سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جسکی قیادت صوبائی نائب صدر فضل اللہ داد زئی ،ضلعی صدر راشد محمود خان،ارباب خضر حیات،فرہاد علی خان اوردیگر عہدیداروں نے کی ۔اس موقع پر سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی گئی ۔فضل اللہ داد زئی اور دیگر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام مذاہب نے دوسرے مذاہب کی عبادتگاہوں، مقدس ہستیوں اور مذہبی کتابوں کے احترام کا درس دیا ہے ،سویڈن میں مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی قابل مذمت ہے ، حکومت اقوام متحدہ کے ذریعے پروپیگنڈا روکنے کیلئے اقدامات کرے ۔کو ئٹہ میں مختلف سیاسی، مذہبی جماعتوں اور دیگر تنظیموں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے احتجاجی ریلیاں نکالیں اور اس وحشیانہ فعل میں ملوث ملزموں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر سویڈش حکومت کی شدید مذمت کی۔

جمعیت علما اسلام، پی ٹی آئی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں کی جانب سے الگ الگ احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جو صوبائی دارالحکومت کو ئٹہ کی مختلف سڑکوں اور گلیوں سے گزریں جن پر سویڈش مخالف تحریر کردہ پلے کارڈز اور بینرز آویزاں تھے ۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے ۔احتجاجی ریلی کے شرکا کوئٹہ پریس کلب اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے لان کے سامنے جمع ہوئے بعد ازاں انہوں نے سویڈن کا قومی پرچم جلا دیا اور پرامن طور پر منتشر ہوگئے ۔ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں ۔ان جلسے ،جلوسوں اور ریلیوں میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا اور اقوام عالم سے پر زور اپیل کی گئی کہ سویڈن سے سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں ۔ تحریک انصاف ،مسلم لیگ (ن)، جمعیت علمائے اسلام اور جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتوں نے بشام، کارورا، الپوری، پوران اور چاکیسر میں احتجاج کیا۔گوجرانوالہ میں مسیحی برادری بھی احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئی جبکہ فیصل آباد میں وکلا نے ہڑتال کی۔فیصل آباد میں بھی یوم تقدیس قرآن پاک کے حوالے سے جماعت اسلامی، پاکستان مرکزی مسلم لیگ، تحریک لبیک پاکستان، دیگر سیاسی و مذہبی اور سماجی جماعتوں کی جانب سے بڑی تعداد میں شہر بھر کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوں میں شریک افراد کی جانب سے ہاتھوں میں بینرز بھی اٹھائے گئے تھے ۔ شرکا کی جانب سے سویڈن کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

ریلیوں کے شرکا کی جانب سے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ معاملے سے متعلق نوٹس لیتے ہوئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ملتان میں جماعت اسلامی کی لیبر ونگ نے عید گاہ سے چوک کچہری تک تحفظ حرمت قرآن ریلی نکالی اور سویڈن واقعے کی مذمت کی، سرگودھا میں وکلا نے سویڈن واقعے کے خلاف ڈسٹرکٹ بار روم سے احتجاجی ریلی نکالی۔بہاولنگر میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ اورجماعت اسلامی، لودھراں میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی اور ریلی میں سویڈن حکومت کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے ۔مظفرگڑھ میں سویڈن واقعے کے خلاف جماعت اسلامی نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ ملتان ، لیہ بھکر ، سیالکوٹ ، بہاولپور اور دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں ۔ادھر خیبرپختونخوا میں ضلع شانگلہ میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔دوسری جانب آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں مرکزی عید گاہ سے آزادی چوک تک سویڈن واقعہ کیخلاف احتجاج کرنے کے لیے پیدل مارچ کیا گیا، مارچ کے شرکا نے سویڈن کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی اور سویڈن پرچم نذر آتش کئے ۔ جے یوآئی نے لاہور میں مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالیں اور مظاہرے کئے ، جامعہ رحمانیہ سے نکالی کی ریلی لاہور ہوٹل چوک ، جامعہ محمدیہ نے کاہنہ سے فیروز پور روڈ،نمرہ مسجد سے ساحر ٹاؤن چوک،جامعہ قاسمیہ شاہدرہ سے لاجپت نگر روڈ۔ میزان چوک رائے ونڈ سے میلاد چوک تک ریلیاں نکالی گئیں۔ جبکہ جامعہ مدینہ کریم پارک ایل ڈی اے گول چکر ماڈل ٹاؤن کے باہر مظاہرے کئے گئے ۔ جے یوآئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کھلی دہشتگردی ہے ،یورپ اسلام وفوبیا کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یواین او تعصب کی عینک اتارے اور تمام انبیاء کرام کی شان میں گستاخی اور آسمانی کتابوں بشمول قرآن مجید کی توہین کو عالمی جرم قرار دیا جائے ، اس کی سزا موت مقرر کی جائے ۔ مساجد میں مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔

 اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم شہبازشریف اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحٰہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے ۔وزیراعظم اور سیکرٹری جنرل او آئی سی نے بڑھتے اسلاموفوبیا کے مسئلے پر بات چیت کی اور قرآن کریم کی بے حرمتی  اور ایسے واقعات کے تدارک سے متعلق بات کی۔شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پاکستان اسلامی دنیا کے دِل دکھانے والے واقعے کی شدید مذمت کرتا ہے ، اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنا ہوگا ،تمام مذاہب، مقدس ہستیوں، مقدس کتابوں کی توہین کا کوئی جواز قبول نہیں کیاجاسکتا، ایسے قبیح واقعات کو آزادی اظہار رائے یا احتجاج کا نام دینا قابل قبول نہیں۔انہوں نے واقعے پر اوآئی سی کے اجلاس اور کردار کو سراہا اور کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مسئلے پر قائدانہ کردار ادا کیا، ان کی او آئی سی اجلاس بلانے میں کردار کو سراہتے ہیں، ایسے واقعات روکنے کیلئے متفقہ آواز کے طورپر اوآئی سی جامع حکمت عملی بنائے ۔ان کا کہنا تھاکہ عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنے اور مو ثرقانون سازی کیلئے اوآئی سی کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے ، اسلام اور مسلمانوں سے نفرت، اشتعال انگیزی، اسلاموفوبیا کے خلاف مل کر کام کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے جنیوا میں قائم انسانی حقوق کونسل میں فوری بحث کرانے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اوآئی سی کو یہ معاملہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی سطح پر بھی اٹھانا چاہیے اور دیگریو این اداروں میں بھی امت مسلمہ کے جذبات مجروح کرنے کا معاملہ اٹھایاجائے ۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعے سے پوری امت کوٹھیس پہنچی، اسلاموفوبیا سے نمٹنا اوراس رجحان کو روکنا اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے او آئی سی میں پاکستان کے فعال کردار کو سراہا۔وزیراعظم شہباز شریف نے زور دے کر کہا ہے کہ آزادی اظہار اور احتجاج کے خود غرضانہ بہانوں سے مذہب، قابل احترام مذہبی شخصیات، مقدس صحیفوں اور علامتوں کی توہین کو معاف نہیں کیا جا سکتا، اسلامی دنیا کی اجتماعی آواز کے طور پر، او آئی سی کو اس معاملہ پر مربوط اور جامع حکمت عملی تیار کرنی چاہئے اور یہ مسئلہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے دیگر متعلقہ فورمز اور اداروں کے ساتھ اٹھانا چاہیے ۔قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف آج حاجی محمد حنیف(صدر ریڈیمیڈ گارمنٹس ایسوسی ایشن رنگ محل) نے میٹنگ کی جس میں شاہ عالم مارکیٹ کے تاجروں نے شرکت کی اور متفقہ اعلامیہ جاری کیا۔ جس کے مطابق اسلامی ممالک کے سربراہان، پاکستان کے حکمران، تمام سیاسی و مذہبی قائدین اور عوام سے بھرپور احتجاج کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ سویڈن کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے اور سویڈن کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات اور اقدار کا تحفظ اور خیال کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں