محسن نقوی کا راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ، سہولتوں پر اظہار اطمینان
راولپنڈ ی،لاہور(خصوصی نامہ نگار،سیاسی رپورٹر سے)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور دل کے مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا اور صفائی کے انتظامات کا بھی مشاہدہ کیا۔
محسن نقوی نے ایمرجنسی وارڈ، سی ٹی سکین، ایکسرے روم، فلورو سکوپی اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور کہا کہ ہسپتال میں سہولتیں دیکھ کر متاثر ہوا ہوں، مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا،مریضوں اور تیمارداروں سے انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کی سہولت کے بارے میں دریافت کیا، مریضوں سے پرائمری انجیو گرافی کی سہولت کا بھی پوچھا، مریضوں اور تیمارداروں نے ہسپتال میں فراہم کردہ سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور بتایا کہ ڈاکٹرز اور عملہ خیال رکھتا ہے اور ادویات بھی ہسپتال سے ملتی ہیں، محسن نقوی نے وی آئی پی وارڈ کو عام مریضوں کے لئے کھولنے کی ہدایت کی،انہوں نے کہا کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں علاج معالجے کی معیاری سہولتیں دیکھ کر خوشی ہوئی، یہ ہسپتال دل کے مریضوں کے لئے اچھی علاج گاہ ہے ،ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کو سراہتا ہوں،انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے لئے فنڈز اور دیگر درکار ضرورتوں کو پورا کیا جائے گا اور اس ضمن میں سیکرٹری صحت کو ہدایات جاری کر دی ہیں،اپنے ٹویٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے دورے کے دوران علاج معالجے کی معیاری سہولتیں دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں،ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹرز مریضوں کی بڑی تعداد کو انتہائی مؤثر انداز میں طبی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں، مریضوں کی بڑی تعداد کے باوجود کسی ایک مریض نے بھی میرے دورے کے دوران ہسپتال میں فراہم کردہ علاج معالجے سے متعلق کوئی شکایت نہیں کی تاہم بعض شعبوں میں مزید بہتری کی ضرورت ہے اور سیکرٹری صحت کو ہسپتال میں بعض ضرورتوں کو بہتر بنانے اور معیاری ہیلتھ کیئر کو یقینی بنانے کیلئے ٹاسک دے دیا ہے۔