پنجاب،اسلحہ لائسنس اورتجدید کی فیس میں 2ہزار فیصد اضافہ

پنجاب،اسلحہ لائسنس اورتجدید کی فیس میں 2ہزار فیصد اضافہ

لاہور (عمران اکبر ) پنجاب کی نگران کابینہ نے انفرادی اور کمرشل اسلحہ لائسنس بنانے اور ان کی تجدید سے متعلقہ تمام فیسوں میں 2 ہزار فیصد تک اضافہ کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ، تفصیلات کے مطابق پنجاب آرمز رولز 2023 ئکے شیڈول ون میں تبدیلی کی منظوری دے دی گئی ۔

 ذاتی حفاظت یا شکار کے شوق کیلئے اسلحہ لائسنس پر 10 ہزارکے بجائے اب50 ہزار روپے فیس ادا کرنا ہوگی، اسلحہ لائسنس کی تجدید پر ایک ہزار کے بجائے اب5 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے ۔‘آل پاکستان اسلحہ لائسنس فیس ’ 5 ہزار سے بڑھا کر1 لاکھ روپے مقرر،نجی اداروں ،سکیورٹی کمپنیوں کے نئے اسلحہ لائسنس کی فیس7 ہزار سے بڑھا کر50 ہزار روپے ، نادرا اسلحہ لائسنس پراسیسنگ فیس1400 سے بڑھا کر2 ہزار روپے ،ڈپلی کیٹ لائسنس بنانے کی فیس1 ہزار سے بڑھا کر5 ہزار روپے ، اسلحہ لائسنس میں گولیوں کی تعداد بڑھانے کی فیس10 روپے سے بڑھا کر12 روپے فی گولی کردی گئی۔اسلحہ لائسنس پر درج ہتھیار یا بور تبدیل کرنے کی فیس1 ہزار روپے سے بڑھا کر5 ہزار روپے ، وراثت کی بنیاد پر اسلحہ لائسنس ٹرانسفر کی فیس1 ہزار سے بڑھا کر10 ہزار روپے ،اسلحہ لائسنس ڈیمانڈ نوٹ میں توسیع کی فیس1ہزار روپے اورلائسنس تصدیق کی فیس 200 روپے مقرر کی گئی ہے ۔آن لائن درخواست دینے کیلئے 1200 روپے رجسٹریشن فیس کی بھی منظوری دے دی ۔اسلحہ ڈیلر شپ کے نئے لائسنس کی فیس1 لاکھ روپے سے بڑھا کر20 لاکھ روپے ، ڈیلرز کے لائسنس کی تجدید کیلئے فیس50 ہزار سے بڑھا کر1 لاکھ روپے ، اسلحہ تیار کرنے والی کمپنیوں کے نئے لائسنس کی فیس5 لاکھ سے بڑھا کر10 لاکھ روپے ، ان کے لائسنس کی تجدید کی فیس2 لاکھ سے بڑھا کر5 لاکھ روپے ، اسلحہ مرمت کرنے والے افراد کے نئے لائسنس کی فیس20 ہزار سے بڑھا کر1 لاکھ روپے ، لائسنس کی تجدید کی فیس10 ہزار سے بڑھا کر50 ہزار روپے ،اسلحہ ڈیلرز کے ایمونیشن کوٹہ میں اضافہ کی فیس ایک روپے سے بڑھا کر10 روپے فی گولی، ہتھیار کوٹہ میں اضافہ کی فیس100 روپے سے بڑھا کر500 روپے فی ہتھیار کردی گئی ہے ۔ کمرشل ایمونیشن کی بین الاضلاعی یا بین الصوبائی منتقلی کیلئے این او سی/ٹی ایل فیس1 روپے فی گولی سے بڑھ کر10 روپے ، ہتھیاروں کیلئے فیس100 روپے سے بڑھ کر500 روپے فی ہتھیار ہوگئی ہے ۔ اسلحہ ڈیلر سیلز ایجنٹ رکھنا/ تبدیلی کیلئے 1 لاکھ روپے فیس ادا کرنا ہوگی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں