نیب نے 81کرپشن کیسز دوبارہ کھول دئیے:نواز شریف،زرداری،گیلانی،عباسی،پرویزاشرف اسحاق ڈار،مراد علی شاہ کے مقدمات بحال احتساب عدالت اسلام آباد میں درخواست دائر

نیب نے 81کرپشن  کیسز دوبارہ کھول دئیے:نواز شریف،زرداری،گیلانی،عباسی،پرویزاشرف  اسحاق ڈار،مراد  علی  شاہ  کے  مقدمات  بحال  احتساب  عدالت  اسلام  آباد  میں  درخواست  دائر

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ،مانیٹرنگ ڈیسک،دنیا نیوز)قومی احتساب بیورونے سپریم کورٹ سے نیب قوانین میں ترمیم کے خاتمہ کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف ، شاہد خاقان عباسی، یوسف رضا گیلانی،پرویز اشرف ،اسحاق ڈار اور مراد علی شاہ سمیت اعلیٰ سیاسی و سرکاری شخصیات کے خلاف 81 کرپشن کیسز دوبارہ کھول دئیے ہیں۔

اور ان کو واپس احتساب عدالتوں میں دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،اس حوالے سے تمام متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی گئیں جبکہ اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے ریفرنسز دوبارہ کھولنے کیلئے احتساب عدالت اسلام آباد میں درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے اور احتساب عدالتوں سے دوسری عدالتوں کو منتقل کئے گئے تمام ر یفرنسز کی دوبارہ سماعت کیلئے ریکارڈ یکجا کرکے اگلے چند روز تک اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جمع کرا دیا جائے گا۔ اس امر کا فیصلہ گزشتہ روز نیب کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیاگیا۔اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عمل درآمد کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیاگیا نیب ترمیم کے تحت احتساب عدالتوں سے دوسری عدالتوں کو منتقل کئے گئے تمام کیسز کو دوبارہ احتساب عدالتوں میں جمع کرایاجائے گا اور ان پر جلد سماعت کیلئے قانونی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا جس کیلئے ملک بھرمیں تمام ڈائریکٹوریٹس کی پراسیکیوشن کو فوری قانونی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے ۔

ذرائع کا کہناہے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیاگیاکہ نیب ترمیم سے قبل اسلام آباد کی احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ریفرنسز کا تمام ریکارڈ کمپائل کیاجائے گا اور دوسری عدالتوں کو منتقل کئے گئے کیسز اگلے چند روز تک اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جمع کرادیئے جائیں گے تاکہ ان پر دوبارہ سماعت شروع کی جاسکے ۔ذرائع کے مطابق سابق آصف زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹ کیسز بحال ہوگئے ، راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کیس بھی کھل گیا۔ذرائع کا کہنا نواز شریف،آصف زرداری،یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کا کیس بھی کھل گیا، مراد علی شاہ، شاہد خاقان عباسی کے خلاف کیسز بھی بحال کر دئیے گئے ۔ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا داخل دفتر کیا گیا کیس بھی کھل گیا۔واضح رہے اسلام آباد کی احتساب عدالتوں میں اعلیٰ سیاسی و سرکاری شخصیات کے خلاف ریفرنسز زیر سماعت تھے جو نیب قوانین میں ترمیم کے بعد دوسری عدالتوں کو بھجوادئیے گئے تھے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں