غیرقانونی معاشی سرگرمیوں کیخلاف کارروائیاں پوری قوت کیساتھ جاری رکھی جائیں:آرمی چیف

غیرقانونی معاشی سرگرمیوں کیخلاف کارروائیاں پوری قوت کیساتھ جاری رکھی  جائیں:آرمی چیف

لاہور (نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گزشتہ روز لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کے ہمراہ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران آرمی چیف کو مجموعی سکیورٹی صورتحال بشمول قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی بجلی و گیس چوری کے خلاف کارروائیوں، غیر ملکی کرنسی کی ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ فورم کو اقلیتوں کے تحفظ کیلئے اقدامات اور کچے کے علاقے میں جاری آپریشن میں پیش رفت سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ فورم نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ ہر قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں  کے خلاف کارروائیاں قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور متعلقہ سرکاری محکموں کے تعاون کیساتھ پوری قوت سے جاری رکھی جائیں تاکہ ملک کو بھاری معاشی نقصانات سے نجات مل سکے جوکہ مختلف طریقوں سے ہونیوالی چوری کی وجہ سے پہنچ ر ہے ہیں ۔ فورم کو سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل اور گرین پنجاب انیشی ایٹوز میں پیش رفت سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے دونوں لینڈ مارک پروگراموں کے مفید ثمرات کیلئے تمام متعلقہ محکموں میں باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ ریاستی ادارے ، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں