3 مقامات پر آتشزدگی 2 افراد جھلس گئے ، آئل ٹینکر 4گاڑیاں،5موٹرسائیکلیں تباہ
لاہور(کرائم رپورٹر،سپیشل کرائم رپورٹر) 3 مقامات پر آتشزدگی کے دوران 2 افراد جھلس گئے ، آئل ٹینکر،4 گاڑیاں، 5 موٹرسائیکلیں تباہ ہو گئیں۔تفصیل کے مطابق فیروز پور روڈ پر واپڈا ہسپتال کی پارکنگ میں آگ لگ گئی جس سے 2 افراد جھلس گئے ۔
ریسکیو 1122 کے مطابق آتشزدگی سے ایک گاڑی اور 3 موٹر سائیکلیں تباہ ہو گئیں، 35 سالہ سردار فرید کے 40 فیصد اور 27 سالہ شہباز انور کے جسم کا 35 فیصد حصہ جھلس گیا۔ علاوہ ازیں رشید پورہ چوک میں سکھ نہر کے سٹاپ پر گھر میں آگ لگ گئی،واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔سرکلر روڈ پر شیرانوالہ گیٹ کے قریب پٹرول پمپ پر کھڑے آئل ٹینکر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔آگ کے شعلے اتنے بلند تھے کہ دور دور تک دکھائی دیتے رہے ،لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔آگ کی زد میں آکر آئل ٹینکر جبکہ پاس کھڑی تین کاریں، 2 موٹرسائیکلیں بھی جل کر تباہ ہوگئیں،پٹرول پمپ کو بھی نقصان پہنچا ۔