مہنگے موبائل فون قسطوں پردینگے ،پالیسی تیارکرلی:وزیرآئی ٹی

مہنگے موبائل فون قسطوں پردینگے ،پالیسی تیارکرلی:وزیرآئی ٹی

اسلام آباد(نیوزرپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) نگران وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمرسیف نے کہا ہے کہ پی ٹی اے کیساتھ مل کر کنٹریکٹ بنیادوں یا قسطوں پر موبائل فون دینے کی سکیم لارہے ہیں، ہر سال پاس ہونے والے 75 ہزار آئی ٹی گریجو یٹس کا ایچ ای سی کے ذریعے سینٹر لائزڈ امتحان لیا جائیگا۔

 پاس ہونے والے طلبہ کو آئی ٹی انڈسٹری میں لازمی انٹرن شپ کرانے کے بعد نوکری دی جائے گی۔ بدھ کو نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر عمر سیف نے کہا پاکستان اس وقت دنیا میں موبائل فون کی ساتویں بڑی مارکیٹ ہے ، ملک میں تقریباً 12 سے 13 کروڑ موبائل فون زیر استعمال ہیں تاہم زیادہ تر موبائل فون سستے ہوتے ہیں، لوگ مہنگے فون نہیں خرید پاتے ہیں کیونکہ 80 ہزار،2لاکھ یا 3 لاکھ کا فون یکمشت خریدنا ہر کسی کی دسترس میں نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا قسطوں پر موبائل فون دینے کی سکیم کے تحت اگر کوئی قسط ادا نہیں کرتا تو اس کا موبائل فون بلاک ہو جائے گا، اس کیلئے پالیسی بن گئی ہے ، اس سکیم سے ملک میں ہائی اینڈ موبائل فون کی مارکیٹ بڑھے گی۔ ڈاکٹر عمرسیف نے کہا آئی ٹی گریجو یٹس کا پہلا سینٹر لائزڈ امتحان دسمبر میں ہوگا، نیوٹیک کے ساتھ مل کر اس سال 16 ہزار لوگوں کو آئی ٹی کی مہارتوں کی تربیت دینے جارہے ہیں، پاکستانی یونیورسٹیاں ہر سال 75 ہزار گریجو یٹس پیدا کرتی ہیں تاہم ان میں سے صرف ڈھائی سے تین ہزار ایسے ہیں جن کو آئی ٹی کمپنیاں فوری بھرتی کرسکتی ہیں، ایک ڈ ویلپر سال میں 60 سے 70 ہزار ڈالر کماتا ہے ، اگر آپ اسے 16 ہزار سے ضرب دیں تو بہت بڑی رقم آئے گی۔ انہوں نے کہا پاکستان میں بڑی تعداد میں فری لانسرز موجود ہیں اور 15 لاکھ سے زائد لوگ گھر بیٹھے انٹرنیٹ پر فری لانسنگ کرتے ہیں، کوئی دن کے 10 ڈالر کما رہا ہے تو کوئی 30 ڈالر کما رہا ہے اور 15 لاکھ لوگوں کا مطلب ہے کہ پاکستان دنیا کی دوسری بڑی آن لائن ورک فورس ہے ۔ انہوں نے کہا ہم نے پاکستان ای روزگار پروگرام شروع رکھا ہے ، ہمارا ہدف ہے کہ ہم پانچ لاکھ فری لانسرز کیلئے کام کرنے کی جگہ بنائیں، اگر 5 لاکھ افراد روزانہ 30 ڈالر کماتے ہیں تو سالانہ 10 ارب ڈالر کی رقم کما سکتے ہیں۔ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا توقع ہے اگلے چار سے چھ ہفتے میں پے پال اور سٹرائپ کے حوالے سے اچھی خبریں آنا شروع ہو جائیں گی، اگلے چند ہفتے میں پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ قائم کرنے جارہے ہیں، دنیا کی پائے کی وینچر کیپٹل فرمز کے تعاون سے یہ فنڈ قائم کیا جائے گا۔ہمارے پاس 300 میگاہرٹز کا سپیکٹرم دستیاب ہے ، جس کی نیلامی کی جائے گی، ساتھ ہی فائیو جی بھی متعارف کروائی جائے گی، پاپا کے نام سے ایک نیا ادارہ بھی قائم کرنے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا آئی ٹی کمپنیاں سٹیٹ بینک سے اجازت لینے کے بعد ڈالرز خرچ کرسکتی ہیں، جو کمپنیاں پاکستان سے باہر پیسے رکھنے پر مجبور تھیں وہ اب ملک میں پیسے لائیں گی، آئی ٹی کمپنیوں کو 50 فیصد ڈالر اکاؤنٹ میں رکھنے کی اجازت دی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں