بہاولپور:شیروں کےپنجرے سے نوجوان کی لاش برآمد:شناخت نہ ہوسکی تحقیقات شروع

بہاولپور:شیروں کےپنجرے سے نوجوان کی لاش برآمد:شناخت نہ ہوسکی تحقیقات شروع

بہاولپور(خبرنگار، نیوز ایجنسیاں )بہاولپور کے چڑیا گھر میں شیروں کے پنجرے سے نوجوان کی لاش ملی ہے ۔ صبح ٹائیگر کے پنجرے میں صفائی اور گوشت ڈالنے گئے تو وہاں لاش پڑی تھی ۔

انتظامیہ کا موقف ہے کہ واقعہ ممکنہ طور پر رات کو پیش آیا، اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ شہری پنجرے میں کیسے داخل ہوا ، چڑیاگھرانتظامیہ نے بتایا کہ جس پنجرے سے شہری کی لاش ملی وہاں 4 ٹائیگرز موجود ہیں۔  جسم کے کئی حصہ بھی چباگئے ۔متوفی نوجوان کے نئے جوگراورکپڑے بھی برآمد ہوئے تاہم شناخت اوروجہ حادثہ معلوم نہ ہوسکی۔ذرائع کا کہنا ہے گزشتہ رات ایک 24 سالہ نوجوان شیروں کے کمرے پرچڑھا اورپاؤں پھسلنے کے باعث شیروں کے جنگلے میں جاگراجس کے بعدچارٹائیگرز نے اس پرحملہ کردیااوراسے چیڑپھاڑ کرکے موقع پرہلاک کردیابعدازاں اسے گھسیٹ کراپنے پنجرے میں لے گئے اس واقعہ کی اطلاع دوسرے روز شیروں کے گوشت ڈالنے والے ملازمین نے انتظامیہ کو دی۔ ڈپٹی کمشنر ، کیوریٹرچڑیاگھر، ریسکیو1122 کی ٹیم اوردیگرلوگ وہاں پہنچ گئے ، چڑیاگھر انتظامیہ نے شیروں کوپنجرے سے باہرنکال کر لاش کوتحویل میں لیااورکرائم سین کے ذریعے اس کے فنگرپرنٹ حاصل کیے ۔ڈپٹی ڈائریکٹروائلڈ لائف نے ابتدائی رپورٹ ڈائریکٹرجنرل وائلڈ لائف کوبھجوادی۔ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ ابتدائی اطلاع کے مطابق یہ ایک نشئی شخص ہو سکتا ہے جوکہ کسی بھی طریقے سے چڑیاگھرمیں داخل ہوا اورحادثے کاشکارہوگیا۔ انہوں نے کہاکہ چڑیاگھرکے عملے کی مکمل گنتی کرائی گئی ہے تمام عملہ پوراہے ۔دن بھرچڑیاگھرآنیوالے شہریوں نے بھی ایسے کسی واقع کی اطلاع دی ہے نہ ہی شکایت کی ہے جس سے ظاہرہوتاہے کہ یہ واقعہ رات گئے یا صبح سویرے ہوا۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جواس معاملے کی مکمل تحقیقات کرکے چڑیاگھرکے آفیشلزکی نااہلی، غیرذمہ دارانہ رویہ اورسکیو رٹی لیپس کاتعین کرے گی۔ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری وائلڈ لائف اور کمشنر بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے واقعہ کی تحقیقات اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں