ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا قتل ، جوابی فائرنگ،حملہ آور ہلاک
لاہور(کرائم رپورٹر، دنیا نیوز)چوہنگ کے علاقہ میں ایک ہاؤسنگ سوسائٹی میں شادی کی تقریب کے دوران نامعلوم شخص نے فائرنگ کرکے ٹیپو ٹرکاں والاکے بیٹے کو قتل اور2 افراد کو زخمی کر دیا۔
محافظوں کی فائرنگ سے حملہ آور مارا گیا ۔تفصیلات کے مطابق چوہنگ کے علاقہ میں واقع نجی سوسائٹی میں سابق ڈی ایس پی سید اقبال اکبر کے بیٹے عمران اکبر کی شادی کی تقریب میں ٹیپو ٹرکاں والا کا 32 سالہ بیٹا امیر بالاج اپنے محافظوں کے ہمراہ موجود تھا کہ گھات لگائے نامعلوم شوٹر نے ان پراندھا دھند فائرنگ کردی جس کے جواب میں امیر بالاج ٹیپو کے محافظوں نے حملہ آور پر جوابی فائرنگ کر دی ، فائرنگ سے بالاج اور اس کے 2دوست بھی زخمی ہو گئے ، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے امیر بالاج ٹیپو اور مبینہ شوٹر دم توڑ گیا جبکہ امیر بالاج کے دوست فردین بٹ اورسلمان اکبر کو شدید زخمی حالت میں جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور شادی پر آئے مہمان تقریب چھوڑ کر گھروں کوواپس چلے گئے ،اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ،پولیس نے لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا ۔ اطلاع پر مقتول بالاج کے رشتے دار جناح ہسپتال پہنچ گئے ،ہسپتال میں پولیس نے سکیورٹی سخت کردی ۔یاد رہے کہ 2010 میں ٹیپو ٹرکا ں والا کو بھی فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا ۔