تحریک انصاف نےشہباز کا راستہ نہیں روکا،اعلان کردیاپیپلز پارٹی کے پاس نہیں آئینگے:بلاول

تحریک انصاف نےشہباز کا راستہ نہیں روکا،اعلان کردیاپیپلز پارٹی کے  پاس نہیں آئینگے:بلاول

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،خبر ایجنسی) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے شہباز شریف کا راستہ روکا ہی نہیں ، اعلان کردیا پیپلزپارٹی کے پاس نہیں آئینگے ،پی ٹی آئی کے پاس نہ ہی نمبر ہیں کہ حکومت بناسکے ، اگر شہباز شریف وزیراعظم بننے جارہے ہیں۔

 تو وہ ہمیں اور پی ٹی آئی کا شکریہ ادا کریں گے ، میرے خیال سے بانی پی ٹی آئی نے خود شہباز شریف کے مقابلے میں امیدوار کھڑا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہوگا۔کراچی کے علاقے نیو کراچی میں 12 سالہ کارکن کے لواحقین سے تعزیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ اب سنی اتحاد کونسل (پی ٹی آئی)کو اپنے کار کنوں سے سچ بولنا چاہئے کیونکہ اُن کے پاس قومی اسمبلی میں اکثریت نہیں ہے ۔بلاول نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنے سے کچھ نہیں ہوگا البتہ پاکستان میں بحران بڑھے گا، جس سے بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہوگا، اس خط کے بعد عوام کے سامنے ان کا اصل چہرہ بھی سامنے آگیا ہے کیونکہ انہیں ملکی مفاد سے زیادہ اپنی سیاست عزیز ہے ۔ الیکشن کے دوران پُرتشدد واقعات میں ہمارے دو کارکن شہید ہوئے اور الٹا 12 سالہ شہید بچے کے اہل خانہ کے خلاف پرچہ کاٹ دیا گیا ۔انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ میں حکومت بننے کے بعد ہم الیکشن کے دوران ہونے والے تمام پُرتشدد واقعات کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دیں گے اور ملوث افراد کو قانون کے مطابق عبرت ناک سزا دلوا کر اپنے کارکنوں سمیت سب کو انصاف دلوائیں گے ۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ کراچی میں دو صوبائی نشستوں پی ایس 124 اور پی ایس 125 پر فارم 45 کے مطابق پی پی فاتح ہے مگر یہاں ہمارے ساتھ دھاندلی ہوئی اور نشستیں کسی اور کو دے دی گئیں، ہم ثبوت کے ساتھ قانونی جنگ لڑیں گے ، امید ہے انصاف ملے گا اور اگر انصاف نہ ملا تو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں