لیول پلیئنگ فیلڈ کیلئے پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

 لیول پلیئنگ فیلڈ کیلئے پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد (اپنے نامہ نگارسے ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت اور شہری کا آئینی حق ہے ۔

 گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزار ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ پی ٹی آئی کا جھنڈا لہرایا جائے تو پولیس دھاوا بول دیتی ہے ۔ ہم کارنر میٹنگ یا اجلاس بلاتے ہیں تو پولیس  پہنچ جاتی ہے ۔ آئین اور قانون کے تحت ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے ۔ عدالت نے استفسار کیا ابھی اسلام آباد میں دفعہ 144 ہے ؟ وکیل نے بتایا اس وقت دفعہ 144 نہیں مگر جس دن پی ٹی آئی کا جلسہ ہوتا ہے ، اس دن دفعہ 144 ضرور لگتی ہے ۔ جسٹس گل حسن نے ریمارکس دئیے پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت اور شہری کا آئینی حق ہے ۔ وکیل پی ٹی آئی نے کہا ہم سیاسی جماعت ہیں ہمیں دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح حقوق دئیے جائیں ۔ ہم آئین اور قانون کے ساتھ کھڑے ہیں، مگر احتجاج بھی ہمارا آئینی و قانونی حق ہے ۔ عدالت نے پی ٹی آئی کی لیول پلیئنگ فیلڈ دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں