بارش :چھتیں گرنے و دیگر واقعات میں 3افراد جاں بحق

 بارش :چھتیں گرنے و دیگر واقعات میں 3افراد جاں بحق

فیصل آباد ،وزیرآباد،چارسدہ، پشاور، نوشکی (نیوز ایجنسیاں،نامہ نگار)مختلف شہروں میں بارش کے دوران دیواریں ، چھتیں گرنے اور دیگر واقعات میں باپ بیٹے سمیت 3افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔۔۔

فیصل آباد میں 8سالہ بچے ،وزیرآباد کے علاقے گکھڑمنڈی میں باپ بیٹے نے دم توڑا۔ ادھر حکام کے مطابق پختونخوا میں4روز میں 21 ہلاکتیں ہو چکیں ، ضلع  چارسدہ کے مقام پر دریائے کابل میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں طوفانی بارشوں سے حفاظتی بند ٹوٹ گئے ۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ کے نواحی گاؤں خانوآنہ بائی پاس ستیانہ روڈ پر واقع چک نمبر 71 گ ب لکڑیاں والا میں بارش کے باعث گھر کی خستہ حال دیوار گر گئی اورملبے تلے دب کر 8 سالہ فیضان علی جاں بحق ہو گیا ۔ضلع وزیرآباد کے علاقے گکھڑمنڈی کے مین بازار میں پرانے مکان کی چھت گرنے سے 45 سالہ ملک بلال اعجاز اور اس کا 4 سالہ بیٹا ملک معاذ جاں بحق ہو گئے جبکہ بلال کی بیوی، بہن اور کمسن بیٹی شدید زخمی ہو گئیں۔ علاوہ ازیں قصور کی تحصیل پتوکی میں کہنہ روڈ پرعمران کے گھر کے دو کمروں کی چھتیں گر نے سے ملبے تلے دب کر 32سالہ نویدہ اور اس کا 2 سالہ بیٹا سبحان زخمی ہوگئے ۔ادھر خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ کے مقام پر دریائے کابل میں اونچے درجے کے سیلاب کا پانی ملحقہ علاقوں میں گندم کی فصلوں میں داخل ہوگیا ۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے چار روز کے دوران بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ جاری کرتے کہا ہے کہ چھتیں گرنے سمیت دیگر واقعات میں اب تک21 افراد جاں بحق اور 32زخمی ہوچکے ۔دریں اثنا بلوچستان کے ضلع چاغی میں بارشوں سے حفاظتی بند ٹوٹنے سے بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا، ندی نالوں میں طغیانی بھی آگئی ، متعددمکانات منہدم ہوگئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں