نیلم جہلم ہائیڈل پاور سٹیشن کی پیداوار 530میگاواٹ تک محدود

نیلم جہلم ہائیڈل پاور سٹیشن کی پیداوار 530میگاواٹ تک محدود

لاہور (آئی این پی،صباح نیوز)ہیڈ ریس ٹنل کے پریشر میں کمی کی وجہ سے نیلم جہلم ہائیڈل پاور سٹیشن سے بجلی کی پیداوار 530 میگاواٹ تک محدود کر دی گئی،ہیڈ ریس ٹنل کے پریشر میں کمی 3اپریل کو مشاہدے میں آئی۔۔۔

 جس کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت پاور جنریشن کو محدود کر د یا گیا تاکہ پریشر میں اتار چڑھا ؤ کا مشاہدہ کیا جاسکے ۔ انسپکشن کے بعد نیلم جہلم ہائیڈل پاور سٹیشن 28مارچ2024سے اپنی پوری صلاحیت کے مطابق 969میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا تھا۔ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا ٹنل سسٹم ساڑھے 51کلو میٹر طویل ہے جبکہ  510  ارب روپے کی لاگت اور 20 ماہ کی طویل مدت میں مرمت کے مرحلے سے گزرنے والے 969 میگاواٹ کے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبہ کی پیداوار میں کمی ہوگئی ہے ۔ حکام کے مطابق نقصان کا تخمینہ لگانے اور ممکنہ طور پر فوری مرمت کیلئے بیرون ملک سے 6 ارب روپے کی لاگت سے ریموٹ کنٹرولڈ گاڑی منگوانے کی ضرورت ہے ،وزیراعظم کو اب تک اس معاملے سے آگاہ نہیں کیا گیا، منصوبے کی جزوی بندش سے روز بجلی کے خطیر یونٹس کا نقصان ہورہا ہے ۔ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ جنریشن 530 میگاواٹ تک گرنا احتیاطی قدم ہے تاکہ پریشر کے اتار چڑھا ؤکو مانیٹر کیا جاسکے ۔ واپڈا ترجمان کے مطابق مزید تجزیے اور پراجیکٹ ماہرین سے مشورے کے بعد پاور جنریشن بتدریج بڑھادی جائے گی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں