افسروں کی گرفتاری کیخلاف ملازمین کا احتجاج،گیپکو نے ایف آئی اے دفاتر کی بجلی کاٹ دی

افسروں کی گرفتاری کیخلاف ملازمین کا احتجاج،گیپکو نے ایف آئی اے دفاتر کی بجلی کاٹ دی

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)بجلی بلز کی مد میں قومی خزانہ کو 10کروڑ 50لاکھ نقصان پہنچانے کا معاملے پر سینئر سول جج گوجرانوالہ نے گیپکو کے 20افسروں سے رقم اور کمپیوٹرز کی برآمدگی کیلئے 2روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا ۔

عدالت کے استفسار پر تفتیشی آفیسر نے بتایا کہ ملزم جعلی بلز پر مختلف بینکوں کی جعلی مہریں لگا کر بینک سکرول تیار کر کے گیپکو کمپیوٹر سنٹر بھجواتے ۔ جعلی بینک سکرول پر درج مختلف صارفین کے ریفرنس نمبرز کے برعکس  رقوم کو کریڈٹ ظاہر کیا گیا تاہم رقم گیپکو کو کریڈٹ نہ ہوتی تھیں جبکہ ملزموں نے ریکارڈ چھپانے کے لئے دفتر کے کمپیوٹرز بھی غائب کر دئیے ہیں ۔ گیپکو نے ایف آئی اے دفاتر کی بجلی کاٹ دی،ایف آئی اے کے چار بجلی کنکشنز چل رہے تھے جن میں سے تین 88 لاکھ روپے سے زائد کے نادہندہ نکلے ، ایف آئی اے کا عملہ بغیر بجلی کے ہی کام کرنے لگا،گیپکو افسروں کا کہنا ہے کہ واجبات کی ادائیگی پر بجلی بحال کردی جائے گی۔دوسری طرف گیپکو افسروں کی گرفتاری کے خلاف گیپکو ہیڈ کوارٹر میں افسر وملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور تمام افسر ولائن سٹاف نے احتجاجاً اپنی اپنی موبائل سمیں سی ای او گیپکو کو جمع کروادیں، گیپکو افسران نے کام چھوڑ ہڑتال کا اعلان کردیا۔ مظاہرہ سے خطاب کرتے گیپکو انجینئررز اینڈ آفیسرزایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل امتیاز،چیئرمین میاں عبدالقیوم ،واپڈاہائیڈروالیکٹرک لیبریونین کے ریجنل چیئرمین ولی الرحمان خان اور دیگر نے کہا کہ ایف آئی اے نے بلا جواز افسر وملازمین کو گرفتار کیا ،20 افسر وملازمین کی گرفتاری ناجائز،کرپشن میں صرف دو کمرشل اسسٹنٹ ملازم شامل تھے جنہیں معطل کرکے ساڑھے چھ کروڑ کی ریکوری کی گئی،افسر وملازمین کی رہائی تک کام بند رکھیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں