حکومت امریکی دھمکی آمیز بیان پر دو ٹوک مؤقف اپنائے :پی ٹی آئی

حکومت امریکی دھمکی آمیز بیان پر دو ٹوک مؤقف اپنائے :پی ٹی آئی

اسلام آباد(دنیا نیوز)تحریک انصاف نے امریکی دفتر خارجہ کے بیان پر حکومت پاکستان اور دفتر خارجہ کی خاموشی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ امریکی بیان پر خاموشی ملکی سلامتی اور خودمختاری کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

قوم کو بتایا جائے کہ اس نوعیت کے ذلت آمیز احکامات کا سلسلہ آخر کب تک جاری رہے گا۔ حکومت دھمکی آمیز بیان پر دو ٹوک اور واضح مؤقف اختیار کرے ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ سے محروم حکومت آزاد خارجہ پالیسی کے حوالے سے ٹھوس حکمت عملی اختیار کرنے کی اہلیت نہیں رکھتی، امریکی دھمکی پر دفتر خارجہ کی خاموشی حکومت کی خارجہ حکمت عملی پر کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے ۔تحریک انصاف کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنے قومی مفاد پر مرکوز آزادانہ خارجہ پالیسی مرتب کرنے کا پورا اختیار حاصل ہے ، بانی پی ٹی آئی نے تمام ممالک کیساتھ خوشگوار تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا،قوم کی حقیقی آزادی پر دو ٹوک مؤقف اختیار کرنے کی سزا دی جا رہی ہے ۔پی ٹی آئی کے رہنما رؤف حسن اور علی محمد خان نے کہا کہ مختلف کیسز میں ملٹری ٹرائلز میں صعوبتوں کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی کا بھائی تو کسی کا باپ زیرحراست ہے ، گرفتار کارکنوں کے لواحقین ہمدردی کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ سویلینز کا ملٹری ٹرائل نہیں ہونا چاہئے ، یہ قوم کے بچے ہیں، ان کو پاکستان کی خدمت کا موقع دیا جائے دیوار سے نہ لگایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ سویلینز کا سول کورٹ میں ٹرائل ہوگا تو ان کو اپنی بیگناہی ثابت کرنے کا موقع ملے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں