9 مئی:پی ٹی آئی رہنماؤں کو چالان کی کاپیاں تقسیم کرنیکا حکم

9 مئی:پی ٹی آئی رہنماؤں کو چالان کی کاپیاں تقسیم کرنیکا حکم

لاہور(اپنے خبر نگار سے)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں 266 پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے ٹرائل پر عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزموں کو چالان کی کاپیاں تقسیم کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید نے جناح ہاؤس حملہ کیس کی سماعت کی۔ محمود الرشید ، اعجاز دھری ، عمر سرفراز چیمہ سمیت عالیہ حمزہ اور صنم جاوید سمیت دیگر کو جیل سے عدالت پیش کیا گیا ۔عدالت نے پیش ہونے پر طیبہ راجہ کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے ۔ عدالت نے تمام ملزموں میں چالان کی کاپیاں تقسیم کرنے کی ہدایت کردی ، کارروائی 15 مئی تک ملتوی کردی ۔ خدیجہ شاہ نے عدالت میں پیشی کے وقت میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا میں ہمیشہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں ۔ہم نے کوئی ڈیل نہیں کی اور نہ ہی کریں گے ۔بے گناہ ہیں ڈیل کی ضرورت نہیں ۔ ہم نے کچھ نہیں کیا بے گناہ ہونے کے باوجود عدالت پیش ہو رہے ہیں ۔ پیشی کے وقت طیبہ راجہ نے صحافی کے سوال پر کہا بانی پی ٹی آئی کے بیانیے کو چھوڑا ہوتا تو کیا آج عدالت حاضری کے لیے پیش ہوتے ۔ڈیل ہوئی ہے تو مجھے گھر بٹھائیں آرام سے ، کیوں عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں ۔انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کو مسلم لیگ ن کا آفس جلانے گلبرگ میں پولیس کی گاڑیاں جلانے اور شیر پاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں عدالت نے عمر سرفراز چیمہ کی ضمانتوں پر مزید سماعت 4 مئی تک ملتوی کر دی ۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سماعت کی ، خصوصی عدالت نے سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کی تین مقدمات میں درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔عدالت نے ضمانتوں پر پراسیکیوشن اور وکلا سے دلائل طلب کر لئے ۔پراسیکیوشن نے ضمانتوں پر دلائل کیلئے مہلت طلب کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں