پاکستان کا فتح IIگائیڈڈ میزائل کا کامیاب تجربہ ،400کلو میٹر تک مارکرنیکی صلاحیت

پاکستان کا فتح IIگائیڈڈ میزائل کا کامیاب تجربہ ،400کلو میٹر تک مارکرنیکی صلاحیت

اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی)پاکستان نے 400 کلومیٹر تک نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے فتح II گائیڈڈ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے فتح 2 گائیڈڈ راکٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا ہے ۔ فتح ٹو جدید نیوی گیشن سسٹم ، منفرد رفتار اور قابل تدبیر خصوصیات سے لیس ہے ۔

تجربے کا مقصد لانچ کی مشقوں اور طریقہ کار کو مکمل کرنا تھا ، فتح ٹو درستگی سے اہداف کو نشانہ بنانے اور کسی بھی میزائل دفاعی نظام کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ فتح ٹو راکٹ سسٹم کو پاکستان کے آرٹلری ڈویژنز میں شامل کیا جا رہا ہے ، راکٹ سسٹم پاک فوج کے روایتی ہتھیاروں کی رسائی اور مہلک ہونے کی صلاحیت کو نمایاں طور پر اپ گریڈ کرے گا۔پاک فوج کے چیف آف جنرل سٹاف ، تینوں سروسز کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے راکٹ سسٹم تجربے کا مشاہدہ کیا۔صدرمملکت، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی سٹاف اور تمام سروسز چیفس نے اس شاندار کامیابی پر حصہ لینے والے فوجیوں اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا فتح ٹو گائیڈڈ راکٹ سسٹم پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوط کرے گا،پاک فوج اور سائنسدانوں کی محنت دن بدن پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتی جا رہی ہے ۔ڈپٹی چیئر مین سینیٹ سیدال خان نے کہا فتح ٹو گائیڈڈ راکٹ سسٹم ناقابل تسخیر دفاع کی جانب اہم پیش قدمی ہے ، پوری قوم کو اپنی مسلح افواج اورسائنسدانوں پر فخر ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں