چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد، جسٹس شاہد بلال، چیف جسٹس سندھ عقیل عباسی کو سپریم کورٹ تعینات کرنے کی منظوری

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد، جسٹس شاہد بلال، چیف جسٹس سندھ عقیل عباسی کو سپریم کورٹ تعینات کرنے کی منظوری

اسلام آباد(نمائندہ دنیا، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم جوڈیشل کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کے 2 اور سندھ ہائیکورٹ کے 1 جج کو سپریم کورٹ کے ججز مقرر کرنے کی سفارش کردی ہے، چیف جسٹس آف پاکستان اور جوڈیشل کمیشن کے سربراہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی زیر صدارت ججزتقرری کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں 3 ججز کی خالی نشستوں پر تعیناتی کیلئے 9 ججز کے ناموں پرغور کیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ملک شہزاد احمد سمیت 6 ججز کے نام شامل تھے جبکہ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عقیل عباسی سمیت 3 ججز کے ناموں پرغور کیا گیا۔جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ ملک شہزاد احمد، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عقیل عباسی اور لاہورہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد بلال کے ناموں کی منظوری دیتے ہوئے سپریم کورٹ کے ججز تقرر کرنے کی سفارش کی۔جوڈیشل کمیشن نے حتمی منظوری کے لیے معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیا یادرہے کہ سپریم کورٹ میں کل 17 میں سے 14 ججزفرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ 3 ججز کی نشستیں خالی ہیں۔ نئی تعیناتیوں سے ججز کی تعداد 17 ہو جائے گی۔

لاہور(محمداشفاق سے)چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس ملک شہزاد احمد خان ، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عقیل احمد عباسی اور لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے اپنے کیریئر میں بے شمار تاریخی فیصلے دئیے تینوں جج صاحبان کو سپریم کورٹ کا جج نامزد ہونے پر ساتھی ججز، وکلا اور عزیز واقارب نے مبارکباد پیش کی۔ جسٹس ملک شہزاد احمد خان 15 مارچ 1963 کو پنڈی گھیب ضلع اٹک میں پیدا ہوئے ،گورڈن کالج راولپنڈی سے گریجویشن کیا،1989 میں یونیورسٹی لاء کالج، پنجاب یونیورسٹی، لاہور سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی ، 1993 میں ہائیکورٹ اور 2004 میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے ایڈووکیٹ بن گئے ،12 مئی 2011 کو لاہور ہائی کورٹ میں ایڈیشنل جج بنے اور 11 مئی 2013 کو کنفرم ہوئے ۔8مارچ کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدہ کا حلف اٹھایا تھا۔ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عقیل احمد عباسی 1963کو کراچی میں پیدا ہوئے۔

بی ایس سی، ایل ایل ایم اور پبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کیا۔ 1988 میں وکالت کی پریکٹس شروع کی، 1992 میں ہائیکورٹ اور 2006 میں سپریم کورٹ کے وکیل بن گئے ۔ ٹیکس لا کے حوالے سے مختلف قانونی جرنلز اور اخبارات میں آرٹیکلز بھی لکھتے رہے ۔ 2009 میں سندھ ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج تعینات ہوئے اور 2011 میں ہائیکورٹ کے مستقل جج بن گئے ۔ انہوں نے 19 دسمبر 2023 کو سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے طور پر حلف لیا تھا،لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن 1965 کو لاہور میں پیدا ہوئے ۔ ضلع چنیوٹ سے ابتدائی تعلیم حاصل کی اور پھر فیملی کے ہمراہ یوگنڈا چلے گئے ،1985 میں پنجاب، 1988 میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے انگریزی میں پوسٹ گریجویشن، اور 1993 میں پنجاب لا کالج، لاہور سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی ،2013 میں لاہور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج کے طور پر تعینات ہوئے ۔ بطور جج10سالہ کیریئر میں متعدد ایسے فیصلے جاری کیے جنہیں عدالتی نظیر کے طور پر دیکھا جاتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں