پی آئی اے پائلٹس کو ماہانہ 43کروڑ تنخواہ،مراعات

 پی آئی اے پائلٹس کو ماہانہ 43کروڑ تنخواہ،مراعات

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، آئی این پی) قومی ایئر لائن (پی آئی اے ) کے پائلٹس کو ماہانہ 43کروڑ روپے تنخواہ اور مراعات کی مد میں دئیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

 پی آئی اے پائلٹس کو ملنے والی تنخواہ اور مراعات کی تفصیل قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئی۔ دستاویز کے مطابق پی آئی اے پائلٹس کی تعداد 313 ہے جس میں 262 پائلٹس مستقل اور 51 کنٹریکٹ پر ہیں۔مستقل پائلٹس کو ماہانہ تنخواہ 1لاکھ 3ہزار روپے جبکہ مراعات اور الائونسز کی مد میں ساڑھے 12لاکھ روپے ادا کیے جا رہے ہیں۔ اسی طرح، کنٹریکٹ پائلٹس 1لاکھ 14ہزار تنخواہ جبکہ 14 لاکھ مراعات اور الا ئونسز کی مد میں وصول کر رہے ہیں۔پائلٹس کو ہر سال 45 رعایتی فضائی ٹکٹس اور انٹر لائن ٹکٹ بھی دئیے جاتے ہیں۔ وزیر مملکت برائے اقتصادی امور علی پرویز ملک نے کہا کہ یورپی یونین کی اپنی ایئر سیفٹی فہرست ہے جس میں سے پاکستان 14 مئی سے نکل گیا ہے ، ایاٹا سیفٹی کمیشن کی کنسرن لسٹ کے حوالے سے بھی جوابات ارسال کر دیئے ہیں، دو سے تین ہفتو ں میں یورپ کو پی آئی اے کی پروازیں بحال ہو جائیں گی۔ پی آئی اے کے ڈی لسٹ ہونے کے بعد یورپ تک پروازیں بحال ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں