امجد نیازی سمیت 70ملزم 9مئی مقدمے سے بری

 امجد نیازی سمیت 70ملزم 9مئی مقدمے سے بری

لاہور ،سرگودھا ،گوجرانوالہ ( اپنے خبر نگار سے ، سٹاف رپورٹر )انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سرگودھا نے 9مئی کے روز تھانہ سٹی میانوالی میں درج مقدمہ کا فیصلہ سنا تے ہوئے جیل میں بند رکن قومی اسمبلی امجد خان نیازی،امیر سوانسی اور برضمانت احسان اﷲ ٹوانہ سمیت 70 کے قریب ملزموں کو بری کردیا ۔

 9 مئی کو کینٹ گوجرانوالہ میں ہنگامہ آرائی توڑ پھوڑ اور گھیرائو جلائو سمیت دیگر سنگین کیس میں خصوصی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید سے تفتیش کے لئے مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے وائس میچنگ ٹیسٹ کے لئے صنم جاوید ،جے آئی ٹی کے تفتیشی آفیسر کو بمعہ ریکارڈ اور ایف آئی اے کے آفیسر کو آج طلب کر لیا ۔ قیدیوں کی وین میں بند صنم جاوید نے صحافیوں کو دیکھ کر فریاد کی کہ انہیں صبح سے بھوکا رکھا گیا ناشتہ بھی نہیں کروایا گیا ،دو گھنٹے سے زائد سخت دھوپ میں وین مین بند رکھا گیا ۔شاہ محمود قریشی کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر ویڈیو لنک عدالت پیش کیا گیا ۔ایڈمن جج خالد ارشد نے شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ میں دو روزکی توسیع کا حکم دے دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے چار مقدمات کا جیل ٹرائل شروع کرتے ہوئے مزید کارروائی 13جون تک ملتوی کر دی، ایڈمن جج خالد ارشد نے کوٹ لکھپت جیل جا کر سماعت کی ۔عدالت نے برضمانت ملزمان کے پیش نہ ہونے پر اظہار برہمی کیا ۔عدالت نے سابق ایم این اے روبینہ جمیل سمیت دیگر غیر حاضر ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے جبکہ روبینہ جمیل سمیت دیگر کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کر دی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں