ریاست مخالفوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے :احسن اقبال

ریاست مخالفوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے :احسن اقبال

لاہور(سپیشل رپورٹر)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہایک مخصوص سیاسی جماعت نے ٹرول گردی کا فن سیکھا ہے جس کے ذریعے اداروں اور سیاسی مخالفین کو دبائو میں لانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

اس جماعت نے جہاں فوج ،عدلیہ اور اپوزیشن کو رگڑا وہیں گزشتہ کچھ دنوں سے پاکستان اور چین کے تعلقات پر ٹرولنگ شروع کی ہوئی ہے اوریہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ خدانخواستہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات میں کوئی کمی آ گئی ہے حالانکہ وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین کے بعد ہمارے تعلقات مزید بڑھے ہیں،چینی صدر نے سٹراٹیجک تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے لیکن ایک سیاسی جماعت چندروز سے پاک چین تعلقات پر پروپیگنڈا کررہی ہے ۔ میں ادب سے پی ٹی آئی کے دوستوں سے کہوں گا کہ اپنی سیاست اور ریاست کے مفادات میں فرق کرنا سیکھیں،آپ ریاست کو اپنی سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھا سکتے ،آپ اگر ریاست کے مفادات کے ساتھ کھیلیں گے تو آپ کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھاکہ اداروں کوکمزور کریں گے تو ریاست کی بقا کیلئے باہر سے کوئی ضمانت نہیں لا سکتے ، یہ جماعت چین کیلئے مخصوص ایجنڈا اپنائے ہوئے ہے اور چین سے تعلقات خراب ہونے کا تاثر دے رہے ہیں لیکن چین سے ہمارا تعاون ہمالیہ سے بھی بلند ہو چکا ہے ۔ہم پہلی دفعہ سپیس کے شعبے میں پاکستان اور چین کے تعلقات آگے لے جا رہے ہیں۔ چین نے کہا ہے وہ اپ گریڈیڈ لیول پر سی پیک کو آگے بڑھانے کیلئے تیار ہے ۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ مشترکہ بیان سننے کے بعد کوئی احمق ہی ہوگا جوکہے تعلق کم ہورہاہے ۔احسن اقبال نے کہاکہ ہمارے آپس کے اختلافات ہوسکتے ہیں، کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ ریاست کے مفاد کے ساتھ کھیلیں؟ ،ریاست کے مفادات کے ساتھ کھیلیں گے تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، ہمارا فرض ہے پاکستانی ریاست کے مفادات کا دفاع کریں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں