عید:قہر کی گرمی،بجلی بند نہ کرنے کے دعوے جھوٹے،شہری بے حال

عید:قہر کی گرمی،بجلی بند نہ کرنے کے دعوے جھوٹے،شہری بے حال

لاہور ،اسلام آباد،شیخوپورہ ،نارنگ منڈی (سٹاف رپورٹر ،اپنے رپورٹر سے ،ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ دنیا)ملک کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ روز بھی گرمی کی لہر برقراررہی ،سورج سوا نیزے پرآگیا۔

چلچلاتی دھوپ سارا دن قہر ڈھاتی رہی، کچھ علاقوں میں آندھی ،جھکڑ چلنے اورہلکی بارش سے بھی خاص فرق نہ پڑا اور لوگ گرمی سے پریشان رہے ۔دوسری طرف لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے عیدالاضحی پر بلاتعطل بجلی فراہمی کے اعلان کے باوجود بیشتر علاقوں میں شدید گرمی میں بجلی کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق سبی میں گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت 49سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا ، جیکب آباد ،نورپورتھل اور تربت میں 48 ، بھکر اور سرگودھا میں پارہ 47 سینٹی گریڈ کو چھو گیا، لاہور میں 42، ملتان میں 43 سینٹی گریڈ درجہ حرارت سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ۔تاہم اب محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی نوید سنا دی، کشمیر، گلگت بلتستان، کے پی، بالائی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت لا ہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں آندھی ،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر شہروں میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی وجنوبی علاقوں میں شدید گرم رہا تاہم گلگت بلتستان ، شمال مشرقی پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی،سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا میں اپر دیر 9، بنوں 2،پٹن، سکردو 1اورنارووال 9 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی ،پنجاب کے علاقوں میں ہلکی بارش کے فوراً بعد سورج نکل آیا اور چلچلاتی دھوپ قہر ڈھاتی رہی ۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 30جبکہ زیادہ سے زیادہ 42 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 38فی صد رہا،لا ہور میں آلودگی کی مجموعی شرح 88 فیصد رہی ۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 18 جون سے بحیرہ عرب سے آنے والی نم لہریں ملک کے بالائی اور وسطی حصوں کے بعد مغربی حصوں میں بھی داخل ہونے کا امکان ہے ۔ اس موسمی نظام کے تحت گلگت بلتستان اور کشمیر میں جمعہ کی شام اور ہفتہ کی صبح گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ خیبر پختونخوا ،بلوچستان ،سندھ اورپنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مون سون کا آغاز 27جون سے 4جولائی کے درمیان ہو سکتا ہے جبکہ کراچی میں جولائی کے اوائل سے ہی مون سون بارشوں کے شروع ہونے کا امکان ہے ۔

عید کے موقع پر لاہورکے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ریکارڈ کی گئی اور شدید گرمی کی وجہ سے شہریوں کی چیخیں نکل گئیں جبکہ لیسکو کا دعویٰ ہے کہ لیسکو ریجن میں کہیں بھی لوڈشیڈنگ نہیں کی گئی ،کچھ مقامات پر تکنیکی خرابی کے باعث بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی ۔ خراب ہونے والے فیڈرز کو 23 منٹس سے 3 گھنٹے 50 منٹ کے دوران بحال کردیا گیا۔ضلع شیخوپورہ میں چاندرات ،عید ،ٹرو اور مرو کے ایام میں وقفہ وقفہ سے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ چلتا رہا ،چاندرات کو سول لائن سب ڈویژن سمیت دیگر فیڈرزکوچار سے پانچ گھنٹے تک بند رکھا گیا ، عیدالاضحی کی نماز کی ادائیگی کے دوران بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی ،بجلی کی بندش اور شدید گرمی کے باعث سنت ابراہمی کی ادائیگی کا فریضہ بھی مشکل ترین ہوگیا ۔شیخوپورہ شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر نورالامین کالونی ، شاہ کالونی ، گلوریا کالونی ، خالد روڈ ،طارق روڈ اورگھنگ روڈ سمیت دیگر علاقوں کے مردوخواتین سراپا احتجاج بن گئے ۔نارنگ منڈی میں متعدد ٹرانسفارمرزخراب ہوگئے اور شہر تاریکی میں ڈوب گیا، واپڈا حکام نے فون نمبرز بند کر دئیے ،شہریوں نے عید کے تین روز بجلی کے بغیر گزارے ۔عید سے ایک روز قبل تھانہ روڈ، صدر بازار،ڈیرہ اشرف ،گریڈ روڈ اورراجباہ روڈکے ٹرانسفارمرزمیں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی تھی ، بجلی بندش سے گھروں میں قربانی کے لئے پانی تک موجود نہیں تھا ،اہل علاقہ حکومت اور واپڈا ملازمین کو کوستے رہے اورشدید احتجاج کیاگیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں