کا لعدم ٹی ٹی پی سرغنہ عبدالمنان عرف حکیم اللہ افغانستان میں ہلاک

کا لعدم ٹی ٹی پی سرغنہ عبدالمنان عرف حکیم اللہ افغانستان میں ہلاک

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی )کا ایک اور اہم سرغنہ افغانستان کے علاقے کنڑ میں ہلاک ہو گیا،ذرائع کے مطابق ٹی ٹی پی اور اس سے منسلک دہشتگرد گروپوں میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر چکے ہیں۔

 افغانستان میں ٹی ٹی پی کی آپس کی لڑائی اور انتشار سے آئے روز ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈرز پراسرار طور پر مارے جا رہے ہیں ،ٹی ٹی پی کے حلقوں میں اس وقت کھلبلی مچ گئی جب افغانستان کے ضلع اسد آباد، کنڑ میں ٹی ٹی پی شوریٰ مالاکنڈ کے رکن، عبدالمنان عرف حکیم اللہ کو ہلاک کیا گیا،ذرائع نے کہا کہ افغانستان میں ٹی ٹی پی کے اہم دہشتگرد کی ہلاکت ٹی ٹی پی کی افغانستان میں موجودگی کا واضح ثبوت ہے ، دہشتگرد عبدالمنان باجوڑ میں ٹارگٹ کلنگ، بارودی سرنگ کے دھماکوں، چیک پوسٹوں پر فائرنگ اور بھتہ خوری سمیت متعدد دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا،دہشتگرد عبدالمنان ٹی ٹی پی لیڈر عظمت اللہ محسود (عظمت لالہ)، ولی مالاکنڈ، کا دست راست تھا، عبدالمنان باجوڑ میں دہشت گردی کی کارروائیاں تشکیل دینے میں کلیدی کردار ادا کرتا تھا۔ عبدالمنان نے 2007 میں ٹی ٹی پی میں شمولیت اختیار کی اور سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد کارروائیوں میں حصہ لیا،2014میں دہشتگرد عبدالمنان کو افغان حکومت نے صوبہ ننگر ہار سے گرفتار کیا لیکن 2021 میں افغان طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد دہشتگرد عبدالمنان کو باقی دہشت گردوں کے ساتھ رہا کر دیا گیا۔دہشتگرد عبدالمنان کے بھائی طارق عرف اسد کا تعلق بھی ٹی ٹی پی سے ہے اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے ۔ ٹی ٹی پی کے اہم سرغنہ عبدالمنان کی ہلاکت ٹی ٹی پی کے لئے بڑا دھچکا قرار دی جا رہی ہے ۔ عبدالمنان عرف حکیم اللہ کے افغانستان میں مارے جانے سے ایک دفعہ پھر یہ واضح ہو گیا ہے کہ افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان کے خلاف استعمال ہورہی ہے اور افغان طالبان ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کو محفوظ پناہ گاہیں مہیا کر رہے ہیں،افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے والی تنظیموں میں ٹی ٹی پی، جماعت الاحرار اور بلوچ دہشتگرد تنظیمیں سر فہرست ہیں، پاکستان پر حملہ آور افغان دہشتگردوں کی آماجگاہیں افغانستان کے علاقے کنڑ، نورستان، پکتیکا، خوست و دیگر علاقوں میں موجود ہیں، متعدد بار دہشتگردی کے بے شمار واقعات میں افغانستان کی سرزمین کا استعمال کرتے ہوئے دہشتگردوں نے پاکستان میں خون کی ہولی کھیلی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں