مریم نے ثابت کردیا وہ اپنے حکم پرعمل کرانا جانتی ہیں :عظمیٰ بخاری

مریم نے ثابت کردیا وہ اپنے حکم پرعمل کرانا جانتی ہیں :عظمیٰ بخاری

لاہور (سیاسی رپورٹر سے )صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری اور وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ عید کے تینوں ایام میں انتھک محنت اور عزم کے ساتھ کام کر کے عوام کو متعفن ماحول سے محفوظ رکھا گیا۔

وہ ڈی جی پی آر میں عید صفائی آپریشنز کے حوالے  سے مشترکہ پریس کانفرنس کر رہے تھے ۔ عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ نے اپنی وزارت اعلیٰ کے پہلے 100دنوں میں ثابت کر دیا ہے کہ وہ عوام کی بہتری کے لئے جاری کئے گئے اپنے احکامات پر عملدرآمد کرانا بھی جانتی ہیں۔ کچھ لوگ اپنے صوبے میں ترقی تو نہیں کراسکے لیکن پنجاب کی ترقی دیکھ کر انہیں تکلیف ہو رہی ہے ۔ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کو ٹارزن یا مولا جٹ بن کر گرڈ سٹیشن میں بجلی بند کرنے کے بجائے صوبے میں بجلی چوری کی روک تھام کے اقدامات کرنے چاہئیں۔ وہ اپنے صوبے کے عوام کا بھلا نہیں کرسکتے تو دھمکیاں بھی نہ دیں۔گرڈ سٹیشن بند کرنا 2014ء کے دھرنے کا پارٹ ٹو لگتا ہے ۔ ایک سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ احتجاج کرنا نرسوں کا حق ہے تاہم غلط انجکشن سے معصوم بچوں کی ہلاکت کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے حکومت سنبھالتے ہی بلدیاتی انتخابات پر کام شروع کیا۔ انہوں نے میری سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جس نے کافی کام مکمل کر لیا ۔ بلدیاتی انتخابات کا جلد از جلد انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں