صدر زرداری کی بینظیر بھٹو کے یوم پیدائش کی تقریب میں شرکت،کیک کاٹا

صدر زرداری کی بینظیر بھٹو کے یوم  پیدائش کی تقریب میں شرکت،کیک کاٹا

اسلام آباد ، لاڑکانہ، نوڈیرو (سٹاف رپورٹر ، بیورورپورٹ، نمائندہ دنیا) صدر پاکستان آصف علی زرداری بینظیر بھٹو کے 71 ویں یوم پیدائش کے موقع پر گڑھی خدابخش بھٹو پہنچے ، جہاں انہوں نے بینظیر بھٹو، ذوالفقار علی بھٹو و دیگر کے مزاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔

 اس موقع پر فریال تالپور بھی موجود تھیں ، صدر مملکت آصف علی زرداری نے خطاب میں کہا کہ آج ہم شہید بینظیر بھٹو کے یوم پیدائش پر نوڈیرو ہاؤس میں جمع ہیں،وعدہ کرتا ہوں شہید بی بی کے چھوڑے ہوئے مشن کو آگے لیکر چلوں گا۔ شہید بے نظیر جمہوریت کی علامت تھیں ،محترمہ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے بعد پارٹی اور عوام کے لئے جو جدوجہد کی وہ قابل فخر ہے ، بینظیر بھٹو کے یوم پیدائش کی تقریب نوڈیرو ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ صدر زرداری ،فریال تالپور نے کیک کاٹا۔ تقریب میں ایم پی اے جمیل سومرو، سردار چانڈیو،امتیاز شیخ، خورشید جونیجو و دیگر بھی موجود تھے ۔ادھر جام نواز علی میں شازیہ مری کی رہائش گاہ بیرانی ہاؤس میں بھی بینظیر بھٹو کے یوم پیدائش کی تقریب منعقد ہوئی ۔ ادھر اسلام آباد میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب میں نیئر بخاری نے کارکنوں کے ہمراہ ،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے دیگر اراکین قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں جبکہ چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ روبینہ خالد کی جانب سے شہید بینظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بی آئی ایس پی آفس میں کاٹا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں