نااہلی :عمران خان کااپیل کی جلد سماعت کیلئے عدالت سے رجوع

 نااہلی :عمران خان کااپیل کی جلد سماعت کیلئے عدالت سے رجوع

اسلام آباد ،لاہور( اپنے نامہ نگار سے ،کورٹ رپورٹر )سابق وزیر اعظم عمران خان نے نااہلی کے خلاف زیر التوا اپیل کی جلد سماعت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر کی جانب سے دائر درخواست میں بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کے خلاف دائر اپیل کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات زیر التوا ہیں، سپریم کورٹ میں زیر التوا کیس کی وجہ سے ہائیکورٹس میں کارروائی آگے نہیں بڑھ پا رہی۔بیرسٹر علی ظفر کی درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نااہلی کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی ممبر اسمبلی اور نہ چیئرمین پی ٹی آئی منتخب ہو سکتے ہیں، زیر التوا اپیل کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی ضمنی انتخابات میں بھی حصہ نہیں لے سکتے ، عدالت سے استدعا ہے کہ زیر التوا درخواستوں کو جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے ۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور رہنماؤں کو کیسوں میں نامزد کرنے کی منظوری دینے کیخلاف درخواست پر پنجاب حکومت سے 27 جون کو رپورٹ طلب کرلی،عدالت نے استفسار کیا کہ کابینہ کے فیصلے سے قبل نوٹنگ مکمل کی گئی؟سرکاری وکیل نے بتایا کہ جی رولز کے مطابق نوٹنگ مکمل کی گئی ،کابینہ فیصلے کے بعد فائنل کارروائی کی جارہی ہے ،عدالت نے کہا کہ کارروائی مکمل کرنے کیلئے دو دن کا وقت دیتے ہیں، رپورٹ پیش کریں، سردار لطیف کھوسہ نے موقف اپنایا کہ پنجاب کابینہ نے 24 مئی کو پی ٹی آئی لیڈرز کو مزید کیسز میں نامزد کرنے کی منظوری دی ،وزیر اعلیٰ مریم نواز کے زیر صدارت اجلاس میں لیڈروں کو کیسوں میں نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ،ایسے حالات میں پنجاب کابینہ کا بے بنیاد فیصلہ مزید خرابی کرے گا ،عدالت پنجاب کابینہ کے 24 مئی کے فیصلے کو کالعدم قرار دے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں