ٹی ٹی پی کو پی ٹی آئی حکومت میں پناہ گاہیں دی گئیں:خواجہ آصف

ٹی ٹی پی کو پی ٹی آئی حکومت میں پناہ گاہیں دی گئیں:خواجہ آصف

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی)وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے ٹی ٹی پی کو پی ٹی آئی کی حکومت میں پناہ گاہیں اور عام معافی دی گئی۔

ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا فوج دہشتگردوں کی صفائی کا آپریشن کر دیتی ہے لیکن اس علاقے کی سویلین حکومت اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتی۔خواجہ آصف نے کہا ٹی ٹی پی اور بی ایل اے دہشتگردی کی سرغنہ جماعتیں ہیں، 5.6 ہزار ٹی ٹی پی کے دہشتگرد پی ٹی آئی کی حکومت میں لائے گئے ، ٹی ٹی پی کو پی ٹی آئی کی حکومت میں پناہ گاہیں اور عام معافی دی گئی،جنرل(ر)باجوہ اور جنرل(ر)فیض نے ان کے ساتھ معاملات طے کیے اور ہمیں سرسری سا بریف کیا۔وزیر دفاع نے کہا ہم سے ایسی منظر کشی کی جیسے سب ٹھیک ہے اور سوات میں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں، اس بریفنگ میں سیاستدانوں نے سوال اٹھائے ، سب سے زیادہ علی وزیر اور محسن داوڑ نے فیصلے کو چیلنج کیا لیکن ان کو بولنے نہیں دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا افغانستان کے وزیروں و رہنماؤں سے ملاقات ہوئی ان کی طرف سے کوئی سخت رویہ یا پاکستان کے لیے مخالفانہ جذبات محسوس نہیں کیے ۔انہوں نے کہا جنرل ضیا اور جنرل مشرف نے جو جنگ لڑی وہ اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے لڑی، جنرل ضیا نے مذہب ،سوشل سٹرکچر اور معاشرہ برباد کر دیا۔خواجہ آصف کا کہنا تھا پیسے لیکر افغانستان جنگ کا حصہ بنے رہے ، ہمیں خود بھی اپنا محاسبہ کرنا چاہیے کہ کیوں ہم دو جنگوں کا حصہ بنے ، کیا ہمارے فوجی جوان اس طرح ہماری غلط پالیسیوں کی بھینٹ چڑھتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا ہم نے اسمبلی میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے واقعات کیخلاف قرارداد پیش کی جس کی پی ٹی آئی نے مخالفت کی، لوگ اپنی ذاتی عناد و رنجش میں بھی توہین مذہب کا استعمال کرتے ہیں، ہمیں تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کھڑے ہونا ہے ۔علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا پی ٹی آئی نے اقتدار چھننے کے بعد سے اسمبلی میں تماشا لگایا ہوا ہے ،سی پیک کو چائنیز کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ معاشی اہداف کو امن یا دوسرے دفاعی اہداف سے الگ نہیں کر سکتے ، ایسا ماحول پیدا کرنا پڑے گا کہ پاکستانی اورغیرملکی سرمایہ کارخود کو محفوظ محسوس کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں